محسن نقوی دور میں لاہور میں تعمیر ہونے والا فلائی اوور ڈیڑھ سال بعد ہی استعمال کے قابل نہ رہا
صوبائی دارالحکومت کی مصروف ترین شاہراہ فیروزپور روڈ پر تعمیر کیے جانے والا "پاکستان برج" ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا

لاہور(قدرت روزنامہ) محسن نقوی دور میں لاہور میں تعمیر ہونے والا فلائی اوور ڈیڑھ سال بعد ہی استعمال کے قابل نہ رہا، صوبائی دارالحکومت کی مصروف ترین شاہراہ فیروزپور روڈ پر تعمیر کیے جانے والا “پاکستان برج” ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مشہور ارفع کریم ٹاور کے عین سامنے فیروزپور روڈ پر 2023 میں ٹریفک کی روانی کو بہتر کرنے کیلیے “لاہور برج” نامی فلائی اوور تعمیر کیا گیا تھا۔
ارفع کریم ٹاور کے عین سامنے فیروز پور روڈ پر پہلے سے ہی عام ٹریفک کی آسانی کیلئے ایک فلائی اوور موجود تھا، تاہم شاہراہ پر ٹریفک کا لوڈ بڑھنے کی وجہ سے پرانے فلائی اوور کے ساتھ ہی “لاہور برج” نامی ایک نیا فلائی اوور تعمیر کیا گیا تھا۔
فلائی اوور سابق نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی کے دور میں تعمیر کیا گیا تھا اور 23 جون 2023 کو اس کا افتتاح کیا گیا تھا۔
تاہم اب صرف ڈیڑھ سال بعد ہی فلائی اوور کو عام ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ اس حوالے سے پاکستان کے سب سے بڑے ڈیجیٹل میڈیا گروپ اردو پوائنٹ کی جانب سے جب حقائق جاننے کیلئے کوشش کی گئی تو سرکاری حکام کی جانب سے دعوٰی کیا گیا کہ کچھ روز قبل فلائی اوور کے پاس آگ لگی تھی، اس آگ کی وجہ سے فلائی اوور کو نقصان پہنچا، اسی لیے ایک ہفتہ قبل فلائی اوور کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر آگ لگنے سے فلائی اوور کو نقصان پہنچتا ہے تو اس آگ کی وجہ سے نئے تعمیر شدہ فلائی اوور کے ساتھ ہی پرانا فلائی اوور بھی موجود ہے، آگ کی وجہ سے اسے کیوں نقصان نہیں پہنچا؟۔