فخر زمان نے ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا

لاہور(قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز کھلاڑی فخر زمان نے ایک ماہ کے اندر کرکٹ میں واپسی کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ قومی کھلاڑی فخر زمان کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ یا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ 2017 چیمپئنز ٹرافی سے میری اچھی یادیں ہیں اور ون ڈے فارمیٹ کھیلنا پسند ہے جبکہ یہ میرا فیورٹ فارمیٹ ہے، بیماری سے صحتیاب ہوا تو یہ چیمپیئنزٹرافی ہی دماغ میں تھی۔فخر زمان نے کہا کہ ڈاکٹرز نے آرام کا کہا لیکن میں نے جلدی ٹریننگ شروع کردی تھی، چیمپیئنز ٹرافی میں انجری ہوئی تو میں جذبات پر قابو نہیں رکھ سکا، میرے بیٹے نے پوچھا آپ کو درد ہورہا تھا اور مجھے اندازہ ہوگیا تھا کہ اس میچ کے بعد میری چیمپئنزٹرافی ختم ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ اگر میں اوپننگ کرتا تو چیزیں مختلف ہوسکتی تھیں اور میں امپائر کے پاس بھی گیا تھا کہ کچھ سپورٹ مل جائے تو اوپن کرسکوں۔انہوں نے کہا کہ الحمداللہ ایک ہفتے میں انجری میں بہت فرق پڑا ہے اور ڈاکٹرز نے ہدایت کی ہے کہ 3 ماہ بعد ٹریننگ شروع کر سکتے ہو تاہم ایک ماہ کے اندر میں کرکٹ میں واپس آجاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے میچ ہارگئے ہیں تو ابھی میں کچھ کہہ نہیں سکتا، یہ ایسا کھیل ہوتا ہے کہ کبھی توقعات پوری ہوتی ہیں کبھی نہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے ریڈ بال کرکٹ پر فوکس کیا لیکن کوچ نے میرے اوپر فوکس نہیں کیا، میں تو ابھی چاہتا ہوں کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلوں۔