چکن نہ پکانے پر شوہر کا زوردار تھپڑ، بیوی کی موقع پر ہی موت ہوگئی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست اوڈیشہ کے ضلع دھینکنال کے گاؤں دھنیانالی منڈا ساہی میں ایک خاتون اپنے شوہر کے ہاتھوں مبینہ طور پر صرف اس وجہ سے جان سے ہاتھ دھو بیٹھی کہ اس نے رات کے کھانے میں چکن نہ پکایا تھا۔
نیوز 18 کے مطابق 35 سالہ کُنی پنگوا تین بچوں کی ماں تھی جبکہ اس کا 40 سالہ شوہر جینا پنگوا دیہاڑی دار مزدور ہے۔ جینا نے اتوار کے بازار سے چکن خریدا اور بیوی کو اسے پکانے کا کہا، پھر وہ کام پر چلا گیا۔ رات کو جب وہ واپس آیا اور دیکھا کہ کھانے میں چکن تیار نہیں کیا گیا تو وہ طیش میں آگیا۔ غصے میں آکر اس نے مبینہ طور پر بیوی کو زور سے تھپڑ مارا جس سے وہ زمین پر گر کر بے ہوش ہوگئی۔
جینا پنگوا فوری طور پر وہاں سے فرار ہوگیا۔ رات کو تقریباً تین بجے جب وہ واپس آیا تو اس نے دیکھا کہ اس کی بیوی کی موت ہو چکی ہے۔ صورتحال دیکھ کر وہ گھبرا گیا اور دوبارہ فرار ہوگیا۔ اگلی صبح بچوں نے اپنی ماں کو زمین پر بے حس و حرکت پایا جس پر وہ چیخنے اور رونے لگے۔ ان کی آوازیں سن کر پڑوسی گھر میں داخل ہوئے اور یہ افسوسناک منظر دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس موقع پر پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔ گوندیا پولیس سٹیشن کے افسر شانتی پرساد پرادھان کے مطابق ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ مقتولہ کے بھائی کی شکایت پر شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم کو عدالت میں پیش کر کے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے، جبکہ پولیس پوسٹ مارٹم رپورٹ کی منتظر ہے تاکہ موت کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *