میری والدہ 3 بار موٹروے سے اغواء ہوچکی ہیں: زویا ناصر

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ زویا ناصر نے انکشاف کیا ہے کہ اُن کی والدہ 3 بار موٹروے سے اغواء ہوچکی ہیں۔ حال ہی میں زویا ناصر نے اداکار جنید خان کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سمیت دیگر موضوعات پر گفتگو کی۔
دورانِ پروگرام زویا ناصر نے بتایا کہ ’اُنہیں موٹروے سے بہت ڈر لگتا ہے کیونکہ اُن کی والدہ 3 بار موٹروے سے اغواء ہوچکی ہیں۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’ڈاکو میری والدہ کو اُن کی گاڑی سمیت اغواء کرکے کہیں سُنسان علاقے میں لے جاتے تھے اور پھر وہاں اُنہیں چھوڑ دیتے تھے۔‘اداکارہ نے اپنے ساتھ پیش آنے والے حالیہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’کچھ روز پہلے کی بات ہے، میں اپنی ساتھی اداکارہ کے ساتھ شوٹنگ سے واپس آرہی تھی تو تین تلوار پر ایک ڈاکو نے ہماری گاڑی روک لی۔‘
زویا ناصر نے کہا کہ ’ڈاکو نے کار کا دروازہ کُھلوایا اور کہا کہ آپ کے پاس جو کچھ بھی ہے فوراََ دے دو۔‘اُنہوں نے مزید کہا کہ ’اُس کے بعد ٹینشن میں مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا اور میں نے زور زور سے چیخنا چِلّانا شروع کردیا جس کے بعد وہ ڈاکو بھاگ گیا۔‘واضح رہے کہ اداکارہ زویا ناصر معروف ادیب، فلم کہانی و مکالمہ نویس، نغمہ نگار ناصر ادیب کی بیٹی ہیں۔زویا پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں جبکہ روزمرہ مسائل اور ٹرینڈز پر کھل کر اظہارِ خیال کرنے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔