اے پی ایس ڈی او کا آن لائن پروفائلنگ کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

کراچی(قدرت روزنامہ)آل پرائیویٹ اسکولز ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (APSDO)کے چئیر مین اینڈ ایگزیکٹیو ممبر کونسل آف پرائیویٹ اسکولز ایسویس ایشن سردار ملک کی سربراہی میں ایک وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پرائیویٹ اسکول سندھ رفیعہ جاوید سے ملاقات کی اور آن لائن پروفائلنگ کی حتمی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا ۔
سردار ملک نے بیشتر والدین کی جانب سے طلبا کے ب فارم نہ جمع کرانے کے مسائل سے بھی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن پروفائلنگ میں بہت پیچیدگیاں ہیں،یہی وجہ ہے کہ اس میں تاخیر ہورہی ہے۔ ڈائریکٹریٹ آف پرائیویٹ انسٹی ٹیوشن کو اس ضمن میں ایک گائیڈ لائن اور ورکشاپ کا انعقاد کرنا چاہیئے تاکہ اسکول منتظمین آسانی سے یہ عمل مکمل کرسکے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید نے نجی تعلیمی اداروں سے تعاون کی مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہااسکول منتظمین ب فارم نہ ہونے کی صورت میں والدین کے شناختی کارڈ نمبر یا طالب علم کے برتھ سرٹیفیکیٹ نمبر کے ذریعے پروفائلنگ کا عمل مکمل کریں۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر رفیعہ جاوید ملاح کا کہنا تھا کہ نجی تعلیمی اداروں سے درخواست ہے کہ وہ اس آن لائن پروفائلنگ کے عمل کو سنجیدگی کے ساتھ بروقت مکمل کریں اور تمام تر ریکارڈ درست فراہم کریں۔ درست ریکارڈ فراہم کرنے سے مستقبل میں نجی تعلیمی ادارے نقصانات سے محفوظ رہیں گے۔