موجودہ بحران کا واحد حل آزادانہ و منصفانہ انتخابات ہیں، اپوزیشن کی قومی کانفرنس کا اعلامیہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد نے 2 روزہ قومی کانفرنس کے اختتام پر کانفرنس کا اعلامیہ جا ری کر دیا۔
اپوزیشن اتحاد کی قومی کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کے وجود کی کوئی اخلاقی، سیاسی اور قانونی حیثیت نہیں۔ موجودہ بحران کا واحد حل آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی اسیروں کو فوری طور پر رہا کیا جائے، عوام اور میڈیا کی زبان بندی کے لیے لائی گئی پیکا ترامیم کو ختم کیا جائے۔
اپوزیشن اتحاد نے اعلامیے میں کہا ہے کہ موجودہ سیاسی، معاشی اور سماجی بحران کی جڑ 8 فروری کے دھاندلی شدہ انتخابات کے نتائج ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مسائل کا حل صرف اور صرف آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی میں ہے۔ ملک کے موجودہ بحران کا واحد حل آزادانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔
اعلامیے کے مطابق پانی کے وسائل کی تقسیم 1991 کے آبی معاہدے کے مطابق ہونی چاہیے۔
قبل ازیں کانفرنس میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے ملک میں آئین اور جمہوریت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔