کراچی ایئرپورٹ پر بھاری طیاروں کی لینڈنگ رواں برس کے اختتام تک ممکن ہوسکے گی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہیوی طیاروں کی لینڈنگ ممکن بنانے کے لیے جاری تعمیراتی کام رواں برس کے اختتام تک مکمل ہوجائے گا، جس کے بعد ایئرپورٹ پر 600 سیٹر ایئر بس کی لینڈنگ ممکن ہوجائے گی۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر 600 سیٹر بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے، ایئرپورٹ پر سب سے بڑے طیاروں کی لینڈنگ کے لیے ’07 ایل‘ رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق نئے زیر تعمیر جدید رن وے کو رواں سال 2025 کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا، جس سے کراچی میں 600 سیٹر ایئر بس 380 طیارے کی لینڈنگ ممکن ہو سکے گی۔
ایئر پورٹ حکام کے مطابق نیا رن وے پرانے کو گرا کر بنایا جا رہا ہے، اور اس منصوبے کا مقصد ہوائی اڈے کی بڑی اور زیادہ فاصلے کی پروازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔
ایمریٹس سمیت کئی بین الاقوامی ایئر لائنز نے اپنے بڑے طیاروں کو لینڈ کرنے کے لیے اپ گریڈ شدہ رن وے کو استعمال کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
نیا رن وے کراچی کی اعلیٰ صلاحیت والی پروازوں کو سنبھالنے کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا، جس سے ایک بڑے بین الاقوامی فضائی مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔