ڈوبتی شادی بچانے کی کوشش ناکام، بیوی کی ہٹ دھرمی پر دل شکستہ شوہر نے مہنگی ترین گاڑی تباہ کردی

ماسکو (قدرت روزنامہ) روس میں ایک شخص نے اپنی شادی بچانے کے لیے قیمتی ’پورشے میکین‘ کار خریدی، مگر جب بیوی نے تحفہ لینے سے انکار کیا تو اس نے گاڑی کو کچرے کے کنٹینر میں ڈال دیا۔
آج نیوز کے مطابق یہ حیران کن واقعہ ماسکو کے قریب میتی شیچی (Mytishchi) نامی علاقے میں پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق، اس شخص اور اس کی بیوی کے درمیان کافی عرصے سے تعلقات کشیدہ تھے۔ شادی کو بچانے کی آخری کوشش کے طور پر شوہر نے تقریباً 30 لاکھ روبل (تقریباً 97 لاکھ پاکستانی روپے) کی یہ لگژری گاڑی خریدی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ پورشے پہلے سے ایک حادثے میں تباہ ہو چکی تھی۔ شوہر نے اسے مکمل مرمت کے بعد عالمی یوم خواتین (8 مارچ) پر تحفے میں دینے کا منصوبہ بنایا تھا، مگر بعد میں اس نے فیصلہ کیا کہ بیوی کو ویلنٹائن ڈے پر ہی یہ کار دے دی جائے۔ اس نے گاڑی کو سرخ ربن میں لپیٹ کر بیوی کو پیش کیا۔ لیکن شوہر کی امیدوں کے برعکس، بیوی یہ تحفہ دیکھ کر خوش ہونے کے بجائے برا مان گئی۔ اسے لگا کہ یہ تحفہ اس کی توہین کے مترادف ہے، اور اس نے گاڑی لینے سے انکار کر دیا۔
بیوی کے ردِعمل سے دلبرداشتہ ہو کر شوہر نے ایک غیر متوقع قدم اٹھایا۔ اس نے ’پورشے میکین‘ کو ایک بڑے کچرے کے کنٹینر میں ڈال دیا۔یہ خبر علاقے میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک بڑی ایس یو وی (SUV) کو کچرے کے کنٹینر میں کیسے ڈالا گیا؟ یہ اب تک ایک معمہ بنا ہوا ہے۔
یہ گاڑی تقریباً دو ہفتوں سے اسی جگہ پر موجود ہے اور مقامی لوگوں کے لیے سیاحتی مقام بن چکی ہے۔ لوگ وہاں جا کر تصویریں کھنچوا رہے ہیں، اور اس جگہ کو ’کچرے میں پورشے‘ کا نام دیا جا رہا ہے۔ابھی تک گاڑی کا مالک اسے واپس لینے نہیں آیا اور نہ ہی اس کی مرمت کا کوئی ارادہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم، اس کے قریبی دوستوں کا کہنا ہے کہ یہ خریداری اس کی شادی کو بچانے کی آخری کوشش تھی، جو ناکام ہوگئی۔