شاہ رخ خان کا ’منت‘ توڑنے کا فیصلہ، گھر چھوڑ کر کہاں منتقل ہو رہے ہیں؟

ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے کنگ، شاہ رخ خان کا مشہور رہائشی مقام ”منت“، جو ممبئی کے ساحلی علاقے میں واقع ہے، اب ایک نئے میک اوور کے لیے تیار ہے۔
2001 میں 13 کروڑ روپے کی قیمت پر خریدا گیا یہ شاندار گھر آج تقریباً 200 کروڑ روپے کی مالیت کا ہے۔ اس میں 27000 اسکوائر فٹ کی جگہ، پانچ بیڈ رومز، ایک فٹنس سینٹر، سوئمنگ پول، لائبریری، اور پرائیوٹ مووی تھیٹر شامل ہیں۔
”منت“ کی انیکسی میں توسیع کے منصوبے کے تحت شاہ رخ خان اور ان کے خاندان نے اپنے پسندیدہ گھر کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے وہ پالی ہل، باندرہ میں ایک لگژری اپارٹمنٹ میں منتقل ہو جائیں گے، جہاں انہوں نے فلم پروڈیوسر واشو بھگنانی کی طرف سے تعمیر کردہ چار منزلہ عمارت کے فلیٹس لیز پر حاصل کیے ہیں۔
اس عمارت میں ایک فلیٹ ہر منزل پر ہوگا، جو کہ ”منت“ کی طرح وسیع تو نہیں لیکن سیکیورٹی اور عملے کے لیے کافی جگہ فراہم کرتا ہے۔ شاہ رخ خان اس پراپرٹی کے لیے ماہانہ 24 لاکھ روپے کرایہ ادا کریں گے۔
شاہ رخ خان اور گوری خان کی نظر میں ”منت“ کا یہ نیا میک اوور اس بات کا غماز ہے کہ وہ اپنے مستقبل کے لیے ایک اور شاندار رہائش گاہ تیار کر رہے ہیں، جو انہیں مزید آرام اور تحفظ فراہم کرے گی۔
یاد رہے کہ ”منت“ میں دو منزلوں کے اضافے کی اجازت کے لیے گوری خان نے گزشتہ سال مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی (MCZMA) سے درخواست کی تھی۔
اس گھر کی تعمیراتی اور تزئین و آرائش کا عمل تقریباً دو سال تک جاری رہے گا، اور اس دوران ”منت“ کے باہر شاہ رخ خان کے مداحوں کو ان کے بجائے وہاں کام کرتے مزدوروں کی جھلکیاں ملیں گی۔
”منت“ پر اس سے قبل ایک اور معروف اداکار کی نظر تھی، تاہم یہ پراپرٹی شاہ رخ خان کے زیر ملکیت ہے اور ان کے لیے ہمیشہ ایک خاص اہمیت رکھتی ہے۔