کھیل

کونسا اہم ترین کھلاڑی بھارتی ٹیم سے باہرہو ا؟ ویرات کوہلی پے درپے شکستوں کے ذمہ دار قرار، کپتانی خطرے میں پڑ گئی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی کرکٹ ٹیم کی پے در پے شکستوں کے بعد اب ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ غیر ملکی رساں ادارے کے مطابق دبئی میں جاری ٹی ٹوینٹی کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت کی شکستوں کا سلسلہ جاری ہے اور بھارت کے ورلڈ کپ ایونٹ سے باہر ہونے کی قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں، جب کہ ایونٹ سے پہلے بھارتی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا گیا تھا، تاہم ان کی خراب کارکردگی کے بعد اب یہ خبریں بھی گردش کررہی ہیں کہ ٹیم میں سخت اختلافات ہیں جس کی وجہ سے میدان میں اجتماعی جذبہ سامنے نہیں آرہا۔مسلسل دوسرے میچ میں شکست کے بعد بھارتی کپتان کوہلی کے حوالے سے بھی خبریں آئی ہیں اور انہیں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے،

کرکٹ کے شائقین اور مبصرین نے میچ میں کوہلی کی حکمت عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سینیئر کھلاڑی روہیت شرما سے اوپننگ نہ کروانا ایک غلط فیصلہ تھا، جب کہ دنیائے کرکٹ کے مایہ ناز اسپنر ایشون کو ٹیم سے باہر کرنے میں بھی کوہلی کو ہی ذمہ دار سمجھاجارہا ہے۔انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کرکٹر نک کومپٹن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایشون کو ویرات کوہلی کی ایما پر ہی ٹیم سے باہر رکھا گیا ہے، کیا کپتان کو یہ سب کرنے کا اختیار ہونا چاہئے۔ واضح رہے کہ ایشون بھارتی تاریخ کے کامیاب ترین اسپنرز میں سے ایک ہیں، جس نے ٹیسٹ، ایک روزہ میچز اور ٹی20 انٹرنیشنل میں مجموعی طور پر 615 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔

متعلقہ خبریں