دنیا کی سب سے لگژری عمارت ’برج خلیفہ‘ میں سب سے سستے فلیٹ کی قیمت کیا؟
کیا آپ برج خلیدفہ میں رہنا پسند کریں گے؟

دبئی(قدرت روزنامہ)دبئی کی مشہور عمارت ”برج خلیفہ“ دنیا کی سب سے بلند عمارت ہونے کے ساتھ ساتھ انجینئرنگ کا شاہکار بھی ہے۔ یہ فلک بوس عمارت نہ صرف اپنی بلندی کی وجہ سے مشہور ہے بلکہ اس میں لگژری اپارٹمنٹس، ریٹیل اسٹورز اور فائن ڈائننگ ریستوران بھی موجود ہیں۔ برج خلیفہ کی مجموعی اونچائی ”2,716.5 فٹ (828 میٹر)“ ہے، جو اسے ایفل ٹاور سے تین گنا بلند بناتی ہے۔
یہ عظیم الشان عمارت 163 منزلوں پر مشتمل ہے، جس میں 58 جدید لفٹس نصب ہیں۔ اس کے علاوہ، برج خلیفہ میں 2957 پارکنگ اسپیسز، 304 ہوٹلز، 37 آفس فلورز اور 900 سپر لگژری اپارٹمنٹس موجود ہیں۔
عمارت کی آٹھویں منزل اور 38 سے 39ویں منزل پر آرمانی ہوٹل دبئی قائم ہے، جبکہ نویں سے 16ویں منزل تک ایک اور دو بیڈروم پر مشتمل ارمانی ریزیڈنسیز موجود ہیں۔
برج خلیفہ میں 45ویں سے 108ویں منزل تک ایک، دو، تین اور چار بیڈروم کے انتہائی پرتعیش نجی اپارٹمنٹس بھی دستیاب ہیں۔
دبئی ہاؤسنگ ویب سائٹ ”dubaihousing-ae.com“ کے مطابق، برج خلیفہ میں ایک بیڈ روم کا اپارٹمنٹ 16 لاکھ اماراتی درہم (تقریباً پاکستانی 11 کروڑ 93 لاکھ روپے) میں دستیاب ہے، جبکہ دو بیڈ روم اپارٹمنٹ 25 لاکھ اماراتی درہم (تقریباً 18 کروڑ 65 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ تین بیڈ روم کے الٹرا لگژری اپارٹمنٹس کی قیمت 60 لاکھ اماراتی درہم (تقریباً 44 کروڑ 77 لاکھ پاکستانی روپے) ہے۔
برج خلیفہ میں دنیا کی سب سے مہنگی اور پرتعیش رہائش بھی موجود ہے۔ یہاں کا سب سے بڑا پینٹ ہاؤس جو 21 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہے، 10 کروڑ 20 لاکھ اماراتی درہم (تقریباً 6 ارب 40 کروڑ پاکستانی روپے) میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
یہ عظیم الشان عمارت نہ صرف دبئی بلکہ پوری دنیا میں عالیشان طرزِ زندگی اور جدید تعمیرات کی مثال بن چکی ہے۔