شریا گھوشال کا ایکس اکاؤنٹ ہیک، گلوکارہ نے مداحوں کو خبردار کر دیا

ممبئی (قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ شریا گھوشال نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ 13 فروری سے ہیک ہو چکا ہے اور وہ اب تک اسے نہ تو بحال کروا سکی ہیں اور نہ ہی ڈیلیٹ کر سکی ہیں۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خبردار کیا کہ وہ ان کے ایکس اکاؤنٹ سے کسی بھی مشتبہ لنک پر کلک نہ کریں کیونکہ وہ سپام اور فشنگ لنکس ہو سکتے ہیں۔
شریا گھوشال نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ اور ان کی ٹیم کئی دنوں سے ایکس ٹیم سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں مگر انہیں صرف خودکار جوابات کے علاوہ کوئی مدد نہیں ملی۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اکاؤنٹ میں لاگ ان بھی نہیں کر سکتیں، جس کی وجہ سے اسے ڈیلیٹ کرنا بھی ممکن نہیں۔
گلوکارہ نے اپنے مداحوں اور دوستوں کو یقین دلایا کہ اگر ان کا اکاؤنٹ بحال ہو جاتا ہے تو وہ ذاتی طور پر ایک ویڈیو کے ذریعے اس کی اطلاع دیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے درخواست کی کہ کوئی بھی ان کے اکاؤنٹ سے پوسٹ کیے گئے کسی بھی لنک یا پیغام پر یقین نہ کرے۔
واضح رہے کہ شریا گھوشال کے ایکس اکاؤنٹ سے 6 فروری کو آخری پوسٹ کی گئی تھی، جس میں انہوں نے تلگو فلم “تھینڈیل” کے لیے گائے گئے اپنے ایک گانے کو ری شیئر کیا تھا۔ اس کے بعد سے ان کے اکاؤنٹ پر کوئی نیا مواد پوسٹ نہیں ہوا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *