ٹریفک وارڈن نے معذور رکشہ ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بناڈالا، ویڈیو وائرل

لاہور(قدرت روزنامہ)لاہور میں ٹریفک وارڈن کی جانب سے معذور رکشہ ڈرائیور پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں وارڈن کو رکشہ ڈرائیور کو تھپڑ مارتے اور بدتمیزی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ہر سوال پر ٹریفک وارڈن ’ پٹاخ ، پٹاخ‘ مارتا چلا گیا اور غریب محنت کش کی سوالات کرتے آواز بھرتی چلی گئی۔
نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے مطابق ویڈیو میں متاثرہ ڈرائیور کو وارڈن کو بار بار یہ بتاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ معذور ہے اور اپنے بچوں کیلئے حلال روزی کما رہا ہے، تاہم ٹریفک وارڈن نے اس کی ایک نہ سنی اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ واقعہ لاہور کے کس علاقے میں پیش آیا۔
مقامی افراد نے مداخلت کرکے رکشہ ڈرائیور کی جان چھڑوائی، جبکہ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ٹریفک وارڈنز صرف چالان کرنے میں سرگرم رہتے ہیں لیکن ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے کوئی عملی اقدامات نہیں کرتے۔
علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا کہ ٹریفک وارڈنز کی شہریوں سے بدتمیزی اور ہاتھا پائی معمول بن چکی ہے، اور حکام کو اس واقعے کا نوٹس لینا چاہیے۔