دن میں کتنی اسٹرابیریز کھانی چاہئیں؟ کیا اس پھل کے نقصانات جانتے ہیں؟

واشنگٹن (قدرت روزنامہ)سرخ رنگ کا پھل جو ناصرف خوبصورتی میں صفِ اول پر ہے بلکہ اس کا ذائقہ بھی انسان کو دلی سکون فراہم کرتا ہے، اسٹرابیری جو وٹامن سی سے بھرپور ہوتی ہے، ماہرین کے مطابق اسے دن بھر میں ایک مخصوص مقدار میں ہی کھانا چاہیے۔

ماہرین کے مطابق اگر اسٹرابیری کا سائز نارمل ہے تو آپ 4 اسٹرابیری کھاسکتے ہیں ، اتنی کافی ہوتی ہیں اور اگر پھل کا سائز چھوٹا ہے تو 6 اسٹرابیریز کھائی جاسکتی ہیں۔

کہتے ہیں کہ روز پھل کھانے چاہیئں لیکن ضروری ہے کہ روزانہ 200 گرام تک پھل کھائے جائیں، ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ہمیشہ پھلوں کی وسیع رینج کا استعمال کرنا چاہیے یعنی کے مختلف پھلوں کا استعمال کریں۔

فائدے:

ویسے تو اس پھل کے صحت کے اعتبار سے بے شمار فوائد ہیں لیکن آج کل چونکہ نوجوانوں میں جنک فوڈ (پیزا، برگر، فرائیڈ چکن وغیرہ) کا رجحان کافی زیادہ بڑھ گیا ہے، تو اسٹرابیریز اس کا متبادل ہوسکتی ہیں۔
آپ اسے سیریلز، اسموتھیز اور ڈارک چاکلیٹ کے ساتھ کھاسکتے ہیں، اس سے آپ کے جسم کو فائدہ حاصل ہوگا اور جنک فوڈ کی جگہ یہ آپ کی غذا کا حصہ بن جائے گا۔

اس کے علاوہ اسٹرابیریز امراض قلب سے تحفظ، کینسر سے بچاؤ کے لیے فائدہ مند، قبض کو دور رکھنے میں مفید، ذیابیطس ٹائپ 2 سے تحفظ، فالج کا خطرہ کم کرنے میں معاون، دماغی صحت کے لیے بہترین اور جِلد کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

لیکن کیا آپ یہ بات جانتے ہیں کہ اس مزے دار اور حسین پھل کے کچھ نقصانات بھی ہوسکتے ہیں؟

کن لوگوں کو اسٹرابیری نہیں کھانی چاہیے؟

* ماہرین کے مطابق وہ افراد جنہیں ڈائریا رہتا ہے یا وہ اس مرض میں مبتلا ہیں، وہ اسٹرابیری کھانے سے گریز کریں۔

* غیر ملکی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق کسی بھی قسم کے ہاضمے کی خرابی میں مبتلا افراد بھی یہ پھل نہیں کھاسکتے۔

* اس کے علاوہ اگر آپ کو اسٹرابیری سے الرجی ہے، تو آپ کو انہیں اپنی خوراک میں شامل کرنے سے پہلے ڈاکٹر سے رجوع لازمی کرنا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *