میشا شفیع کی والدہ صبا حمید عدالت میں پیش
لاہور(قدرت روزنامہ)سیشن کورٹ لاہور میں اداکار علی ظفر کا میشاء شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کے دوران گلوکارہ کی والدہ صبا حمید عدالت میں پیش ہوئیں۔علی ظفر کے وکیل نے میشا شفیع کی والدہ سے پوچھا کہ آپ نے کیسے یقین کر لیا کہ میشا نے جو کہا ٹھیک کہا جس پر صبا حمید نے کہا کہ وہ میری بیٹی ہے۔وکیل علی ظفر نے پوچھا کہ کیا اُس نے آپ کو مسیج وغیرہ دیے؟ جس پر اُنہوں نے کہا کہ وہ میرے پاس نہیں ہیں، میشا کے پاس ہیں۔
گلوکار کے وکیل نے مزید پوچھا کہ آپ نے کوئی ڈاکومنٹ اپنی آنکھوں سے دیکھا؟ جس پر صبا حمید نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ میشا جھوٹ نہیں بولتی اس پر اعتماد ہے۔دوسر جانب عدالت نے آئندہ سماعت پر صباء حمید کو دوبارہ جرح کے لیے طلب کر لیا ہے، عدالت نے سماعت مزید کارروائی کے لیے 5 نومبر تک ملتوی کردی۔