ہالی ووڈ اداکار نے محنت کشوں کے ساتھ افطار کے لیے فلائٹ مؤخر کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ہالی ووڈ کے مشہور اداکار، امریکی ٹی وی میزبان، اور سابق فٹ بال کھلاڑی ٹیری کروز رمضان کے پہلے روز دبئی میں محنت کشوں کے لیے افطار کے کھانے پیک کرنے اور تقسیم کرنے کے لیے فلائٹ میں تاخیر کر دی۔
وائٹ چِکس، دی ایکسپینڈیبلز سیریز جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور اور ٹی وی شو ’بروکلین نائن نائن‘ میں اپنے کردار کے لیے مقبول ٹیری کروز کریو نے ’دی گیونگ فیملی‘ کے زیر اہتمام افطار کھانے کی تقسیم میں حصہ لیا۔
’دی گیونگ فیملی‘ کی شریک بانی سبریا رحبی نے بتایا کہ ’ٹیری کروز، جو کسی کام کے سلسلے میں دبئی میں تھے انہوں نے اپنے واپسی کے سفر کو ملتوی کر کے اس کام میں حصہ لیا تاکہ وہ دیکھیں کہ ہم کیا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے ہمارے ساتھ کھانے پیک کرنے اور اسے تقسیم کرنے میں مدد کی اور اس بات کا اظہار کیا کہ وہ کمیونٹی کی کوششوں اور اس ایونٹ کے انعقاد سے کتنے متاثر ہیں‘۔
ٹیری کروز نے اس موقع پر کہا کہ وہ ان کے درمیان موجود ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’آج یہاں آپ جو کر رہے ہیں وہ بہت سے لوگوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کے لیے زوردار تالیاں بجا کر خود کو داد دیں‘۔
سبریا رحبی نے بتایا کہ دی گیونگ فیملی کی 2025 کی افطار مہم اس رمضان کے دوران 5 لاکھ کھانے تقسیم کرنے کے ہدف کے ساتھ شروع ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’کل ہم نے 5,000 کھانے تقسیم کیے، اور ہمارا مقصد اس سال یہ ہے کہ ہم اس مہینے کے دوران 5 لاکھ کھانے تقیسم کریں‘۔ انہوں نے بتایا کہ کھانوں کی روزانہ کی تقسیم کا تعداد عطیات پر منحصر ہے، اور بعض دنوں میں یہ تعداد 20,000 کھانوں تک پہنچ جاتی ہے۔