لوگوں نے شرطیں لگائی تھیں کہ ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے، آج تمام اشاریے مثبت ہیں، وزیر اطلاعات

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ نے کہا ہے کہ جب مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت ایک قبل قائم ہوئی تو لوگوں نے شرطیں لگائی ہوئی تھی کہ ملک ڈیفالٹ ہونے والا ہے، معشیت نہیں سنبھلے گی، آج تمام معاشی اشارے مثبت ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا کہ کل مسلم لیگ ن کی مخلوط حکومت کا ایک سال مکمل ہوجائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے 4 مارچ 2024 کو اپنے عہدے کا حلوف اٹھایا تھا اور ایک بھاری ذمہ داری قوم نے ان کو دی تھی۔
عطاتارڑ نے کہا کہ بہت ساری قیاس آرائیاں تھیں کہ ملک کس سمت میں جارہا ہے، آنے والے دنوں میں ملک کی معیشت کے کیا حالات ہوں گے اور ملک کے اندر آنے والوں دنوں میں کس قسم کا نظام رائج ہوگا، بہت سارے لوگ شرطیں لگائے بیٹھے تھے ملک مشکل حالات سے نہیں نکلے گا، ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتیں آئی ایم ایف کو باقاعدہ خط لکھ رہی تھیں کہ پاکستان کی امداد نہ کی جائے اور آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کو نہ دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں سیاست سے بالا ترہوتی ہیں ، جب ہم کہتے تھے کہ ہم نے سیاست قربان کرکے ریاست کو بچانا ہے تو اس کا مطلب یہ تھا کہ ملکی معیشت، ملکی استحکام، ملکی سلامتی اور ملک کی بین الاقوامی ساکھ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم نے سیاسی فیصلے نہیں کیے۔
وزیر اطلاعات نے کہا وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملکی مفاد میں فیصلے کیے گئے، جس سے ملکی معیشت میں استحکام آیا
’جلاؤ گھیراؤ کی سیاست میں لوگوں کو کوئی دلچسپی نہیں،کھوکھلے نعرے لگانے والے لیپ ٹاپ دے سکے نہ کوئی اسکول یا اسپتال بناسکے، خیبرپختونخوا مین ان کی کیا کارکردگی ہے، نعروں لگانے والوں نے ملک میں کوئی نظام نہیں بنایا۔‘
انہوں نے کہا کہ آج مہنگائی میں واضح کمی ہورہی ہے، پالیسی ریٹ میں مسلسل کمی آرہی ہے، ملک میں مہنگائی گزشتہ 9 سال سے کم ترین ہے، پاکستان پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے اسٹاک ایکسچینج ہر روز نئے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اپنے پہلے دورے پر پاکستان آئے، یہ ان کا کسی بھی ملک کا پہلا دورہ تھا، انہوں نے متعدد معاہدوں پر دستخط کیے اور پاکستان کی معیشت کی تعریف کی، آذربائیجان بھی پاکستان میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے جارہا ہے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستان کی عزت بحال ہوئی ہے اور ملک بارے اچھے تاثرات کا اظہار کیا جارہا ہے، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہورہی ہے، کھیل کے میدان ویران تھے یہاں کوئی کھیلنے کو تیار نہیں تھا لیکن محنت ہوئی، نیک نیتی سے کام ہوا، اب سیمی فائنل بھی لاہور میں ہونے جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف نے خارجہ پالیسی کے حوالے سے جو تعلقات قائم کیے آج ہر ملک پاکستان کی تعریف کرر رہا ہے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع دیکھ رہے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی رکنیت ملی اور پاکستان کو ریکارڈ ووٹ ملے، صرف 11 ووٹ ہمارے خلاف پڑے،،اس کے لیے وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بہت محنت کی۔