آٹے کا تھیلا گرا کر موبائل مارکیٹ میں دکان لوٹ لی، واردات کی ویڈیو وائرل

کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی موبائل مارکیٹ میں نوسرباز سرگرم، ایک ملزم نے آٹے کا شاپر زمین پرگرایا، ساتھی نے قریبی دکان سے چند سیکنڈ میں واردات کرڈالی، کیش کاؤنٹرسے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کرفرارہوگئے، راشد منہاس روڈ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوزکو موصل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق موبائل مارکیٹ میں ایک ملزم نے آٹے سے بھرا شاپر فرش پر گرایا ، ساتھی نے قریبی دکان سے چند سیکنڈ میں واردات کر ڈالی۔
پولیس کے مطابق انسانی ہمدردی حاصل کرکے نوسر بازی کی یہ واردات گلشن اقبال میں راشد منہاس روڈ پر ممتاز موبائل مال میں گزشتہ صبح ہوئی تھی۔
موبائل مارکیٹ کے لگے سی سی ٹی وی کیمروں نے تمام بھانڈا پھوڑ دیا، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دکانوں کے درمیان ایک نوسر باز اچانک اپنا آٹے کا شاپر گرا دیتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم بیٹھ کر پریشانی کے عالم میں افسوس کرنے لگتا ہے، آس پاس کے دکاندار جمع ہو کر اس سے ہمدردی کرنے لگے۔ اسی دوران اس کے ساتھی نے قریبی دکان کے کیش کاؤنٹر سے ڈھائی لاکھ روپے لوٹ لیے اور فرار ہوگیا۔
سی سی ٹی وی کیمرے میں تمام منظر ریکارڈ ہوا تو دکاندار نے گلشن اقبال تھانے میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور رپورٹ جمع کرا دی ہے۔