ٹک ٹاکر رجب بٹ کا اداکار فہد مصطفیٰ پر جوابی وار، تنازع کیا ہے؟

لاہور (قدرت روزنامہ)معروف ٹک ٹاکر رجب بٹ ایک نئے تنازع کے ساتھ سوشل میڈیا پر زیر بحث آگئے ہیں۔
جس کا پس منظر یہ ہے کہ رجب بٹ حال ہی میں ایک پروگرام میں مہمان تھے، جہاں انہوں نے اپنے سوشل میڈیا سفر کے بارے میں بات کی اور اپنے ناقدین کو ٹکا کر جواب دیا۔
میڈیا سے ٹاکرا
رجب بٹ نے اس موقع پر اس بات کا اظہار کیا کہ بڑے ٹی وی چینلز مسلسل انہیں نشانہ بناتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ روزانہ اپنے فون کو ائیر پلین موڈ پر رکھتے ہیں تاکہ وہ میڈیا کی ناپسندیدہ توجہ سے بچ سکیں۔
رجب نے یہ بھی کہا کہ کچھ چینلز ان کی ویڈیوز کو مضحکہ خیز کیپشن کے ساتھ شیئر کرتے ہیں، جیسے کہ وہ نشے میں تھے یا کسی اور شے کے زیر اثر تھے۔ رجب بٹ نے وضاحت کی کہ وہ یہ نہیں سمجھتے کہ ایسا کیوں کیا جا رہا ہے، مگر یہ ٹک ٹاک پر روزانہ ہوتا ہے۔
رجب بٹ نے معروف فلم سپر اسٹار فہد مصطفیٰ کے حالیہ تبصروں کا بھی جواب دیا، جنہوں نے کہا تھا کہ فیملی ولاگرز اپنے خاندانوں کو ”بیچ“ دیتے ہیں، اور وہ یہ کام نہیں کرسکتے۔
فہد مصطفی پر جوابی وار
رجب بٹ نے کہا کہ انہیں فہد مصطفیٰ کے بارے میں زیادہ معلومات نہیں ہیں، لیکن ان کے مطابق وہ ایسے افراد کو عزت نہیں دے سکتے جو سینئر ہونے کے باوجود اپنے کام میں اتنے پروفیشنل نہ ہوں۔
رجب نے مزید کہا کہ وہ خود اپنے مواد پر کام کرتے ہیں اور ان کا مقصد کسی دوسرے کے نجی معاملات میں دخل اندازی کرنا نہیں ہے جبکہ یہ تمام اداکار دوسروں کے گھر والوں کو بھی بیچ رہے ہیں۔
رجب بٹ نے اداکارہ حرا مانی کی تعریف کی، جن کے ساتھ انہوں نے ایک میوزک ویڈیو میں کام کیا۔ رجب نے کہا کہ حرا مانی نہ صرف ایک پروفیشنل اداکارہ ہیں بلکہ شوٹنگ کے دوران انہوں نے ان کی بہت مدد کی، جس کی وجہ سے ان کا تجربہ انتہائی کامیاب رہا۔