احمد شہزاد نے پاکستانی کرکٹ کی تلخ حقیقت سے پردہ اٹھا دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)احمد شہزاد ایک ایسے کرکٹر ہیں جنہوں نے اپنے کیریئر میں بڑا نام کمایا۔ اب وہ ایک تجزیہ کار ہیں اور وہ اپنی فاؤنڈیشن بھی چلا رہے ہیں۔ وہ کھل کر ہر اس شخص پر تنقید کرتے ہیں جو اپنا کام اچھی طرح سے نہیں کرتا۔
چیمپیئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر احمد شہزاد کافی غصے میں ہیں اور ٹیم پر کھل کر تنقید بھی کرتے ہیں۔
احمد شہزاد نے اس بارے میں بات کی کہ پاکستان کرکٹ میں اصل میں کیا غلط ہے،انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم میں ہر سطح پر میرٹ کا بہت بڑا فقدان ہے، کرکٹ ایک دن میں تباہ نہیں ہوئی۔ ایسے لوگ ہیں جن کے پاس طاقت ہے اور وہ ان عہدوں پر کئی سالوں سے بیٹھے ہیں۔
’جیسے ہی کوئی حقیقت میں تبدیلی لانے کی کوشش کرتا ہے، یہ آمرانہ گروہ اس کے خلاف ہو جاتا ہے، اس کا انجام تمام محکموں میں بہتری کے فقدان پر ہوتا ہے اور یوں تباہ کن نتائج برآمد ہوتے ہیں۔‘
احمد شہزاد نے کہا کہ میرٹ پر اچھے کوچز رکھے جاسکتے ہیں، ملک میں اگر اچھے کوچز نہیں تو باہر کے لوگ یہ کرسکتے ہیں لیکن جن لوگوں کے پاس اختیار ہے وہ ایسا کرنا نہیں چاہتے اور معاملات اپنے ہاتھ میں رکھنا چاہتے ہیں۔
آپ نے صحیح وقت پر صحیح لوگوں کو صحیح جگہ پر لگانا ہوتا ہے نہ کہ اپنے یاروں دوستوں کو تاکہ میرٹ پامال نہ ہو، پاکستان میں کچھ ایسا ہوتا ہے کہ اس کو بھی رکھ لو، اُس کو بھی رکھ لو تاکہ میڈیا اسی پر بات کرے اور اصل ذمہ داروں پر کوئی انگلی نہ اٹھائے۔‘