پی ٹی آئی کا عید کے بعد اپوزیشن اتحاد کے ساتھ مل کر حکومت کیخلاف نکلنے کا اعلان

وفاقی کابینہ میں اضافہ ضمیر فروشوں کیلئے انعام ہے، کچھ لوٹے کچھ بھگوڑے اس میں شامل ہے، رہنما پی ٹی آئی


پشاور(قدرت روزنامہ)سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہمارا اتحاد اپوزیشن کے ساتھ ہے، اگلے کچھ روز میں ان کے ساتھ ہمارے معاملات طے ہو جائیں گے، عید کے بعد سب مل کر حکومت کے خلاف نکلیں گے۔
پشاور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ جعلی فارم 47 کی حکومت کو ایک سال پورا ہوا، تاریخ میں کئی اتنے ظلم اور بربریت نہیں ہوئی ہوگی، حکمرانوں کو معلوم ہے کہ وہ عوام کے نمائندے نہیں، اپنی مفاد میں قانون سازی کر رہے ہیں، عوامی فلاح کے لئے کچھ نہیں، اپنے جھوٹ کو اشتہارات لگائے جا رہے ہیں، وفاقی کابینہ میں اضافہ ضمیر فروشوں کے لیے انعام ہے، کچھ لوٹے کچھ بھگوڑے اس میں شامل ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے، سندھ والے اپنے پانی کے جائز مطالبے کے لیے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، ہمارا اتحاد اپوزیشن کے ساتھ ہے، اگلے کچھ روز میں ان کے ساتھ ہمارے معاملات طے ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عید کے بعد سب مل کر حکومت کے خلاف نکلیں گے، خیبر پختونخوا میں بنوں تک دہشت گردوں کا پہنچنا تشویش ناک ہے، علی امین گنڈا پور حالات کنٹرول کرنے کی کوشیش کر رہے ہیں، عید کے بعد احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ کابینہ میں توسیع اپنے مفادات کے لیے ہے عوام کے لیے کچھ نہیں، بیک ڈور رابطے ہوتے رہتے ہیں، بیک ڈور رابطے کبھی ہوں گے اور کبھی نہیں، جن کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے، ان کو اپنی بے وفائیوں پر خوش کرنا ہے۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مہنگائی عروج پر ہے، دہشت گردی کی انتہا ہے، حکمران مکمل ناکام ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے صرف ایک شخص ہے اور ان کو جیل میں ڈالا گیا ہے، مولانا فضل الرحمان کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، اگلے چند دنوں میں معاملات طے ہوجائیں گے۔
انہوںے مزید کہا کہ علی امین گنڈا پور کی حکومت پوری طرح متحرک ہے کہ حالات کا نارمل کرنا اور مسائل حل ہو، اس ملک میں اگر آپ چور ہیں تو آپ اچھے آدمی ہے اور اگر شریف ہیں تو کوئی جگہ نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *