کیا تمنا بھاٹیا اور وجے ورما نے راہیں جدا کر لیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی وڈ کی مشہور اداکارہ تمنا بھاٹیا اور اداکار وجے ورما جو جلد ہی اپنی ازدواجی زندگی کا آغاز کرنے جا رہی تھی اب ان کے درمیان علیحدگی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔
معروف جوڑے نے اپنے تعلقات کے حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں نے حال ہی میں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس سے ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کی گئی تصاویر کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔
اگرچہ دونوں نے اپنے تعلقات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن دونوں اچھے دوست رہنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اپنے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔
حال ہی میں، ہندوستان ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں تمنا بھاٹیا نے بتایا تھا کہ وہ اگلے سال شادی کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میں زندگی میں بہت خوش ہوں۔ شادی بھی ہو سکتی ہے، کیوں نہیں؟، میرے لیے شادی اور کیریئر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ میں بہت پر عزم ہوں۔ میں شادی کے بعد بھی اداکاری جاری رکھوں گی‘۔
وجے ورما اور تمنا بھاٹیا کو 2023 کے نئے سال کی تقریب میں پہلی بار ایک ساتھ دیکھا گیا تو ان کے درمیان تعلقات کی افواہیں شروع ہوئیں۔ یہ قیاس آرائیاں اس وقت مزید مستحکم ہوئیں جب اس جوڑے نے کچھ عوامی تقریبات میں ایک ساتھ شرکت کی۔ آخرکار، انہوں نے ’لَسٹ اسٹوریز 2‘ کی پروموشنز کے دوران اپنے تعلقات کو عوامی طور پر تسلیم کیا۔ تب سے، وہ ایک دوسرے کے ساتھ تقریبات، اسکریننگز، ڈیٹ نائٹس اور فنکشنز میں دکھائی دیے ہیں۔
اداکارہ تمنا بھاٹیا نے 2024 میں فلم کی مہم کے دوران ایک انٹرویو میں اپنے تعلقات کو عوامی طور پر تسلیم کرتے ہوئے وجے ورما کو اپنا ’خوشی کا مقام‘ قرار دیا۔ بعد میں، وجے ورما نے بھی گزشتہ سال متعدد انٹرویو میں تمنا کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
وجے ورما نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ اپنی محبت کو چھپانے پر یقین نہیں رکھتے، لیکن اپنی زندگی کے کچھ لمحات کو ذاتی رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ان کے پاس تمنا کے ساتھ 5 ہزار سے زائد تصویریں موجود ہیں، لیکن وہ انہیں عوامی طور پر شیئر کرنے کے بجائے اپنے لیے محفوظ رکھنا چاہتے ہیں۔