کیسکو “سفید ہاتھی” بلوچستان کے پانچ اضلاع میں آف گریڈ اسٹیشنز قائم کر یں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ہوم سولر سسٹم کی فراہمی بلوچستان کے عوام کے لیے ایک اہم سنگ میل ہےحکومتِ بلوچستان متبادل توانائی کے منصوبوں کے ذریعے برقی ضروریات پوری کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہےبدھ کو یہاں کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ چینی حکومت کے شکر گزار ہیںجنہوں نے سی پیک کے تحت بلوچستان کو ہوم سولر سسٹمز فراہم کئے ، جس سے عوامی مشکلات کے خاتمے میں مدد ملے گی وزیر اعلی نے کہا کہ یہ سولر سسٹمز کئی مہینوں سے گوداموں میں پڑے تھےلیکن موجودہ حکومت نے ان کی شفاف تقسیم اور کم لاگت میں تنصیب کو یقینی بنایا وزیر اعلی نے پارلیمانی سیکرٹری انرجی ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری توانائی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے لیے ابتدائی طور پر 35 سے 40 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھےتاہم مثر منصوبہ بندی کے باعث یہ کام 12 سے 13 کروڑ روپے میں مکمل کیا جا رہا ہےاور قومی خزانے کو خاطر خواہ بچت ہوئی وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ گوادر سی پیک کا مرکزی شہر ہے اور وہاں کے عوام کو اس منصوبے سے ترجیح طور پر مستفید ہونا چاہیےانہوں نے ہدایت کی کہ گوادر میں کم از کم 5000 گھرانوں کو یہ سہولت فراہم کی جائے تاکہ گوادر کے عوام کو یہ احساس ہو کہ سی پیک انہی کی قربانیوں کے باعث وجود میں آیا اور ان کی فلاح کے لیے کام کر رہا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان اپنے ترقیاتی بجٹ میں آف گریڈ اسٹیشنز قائم کرنے جا رہی ہےجن کے ذریعے ان علاقوں میں بجلی فراہم کی جائے گی جہاں روایتی گرڈ اسٹیشن موجود نہیں ہیںاس سلسلے میں نوکنڈی، بلیدہ، سوئی، شیرانی اور ماشکیل میں پائلٹ منصوبہ شروع کیا جائے گااور بعد میں اس کا دائرہ کار دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا وزیر اعلی بلوچستان نے کیسکو کو “سفید ہاتھی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ ناقص کارکردگی کی وجہ سے عوام کے مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے کیسکو کے لائن لاسز بہت زیادہ ہیں جبکہ اس میں کرپٹ پریکٹسز بھی عروج پر پہنچ چکی ہیں وزیر اعلی نے زمینداروں کے لیے زرعی سولرائزیشن منصوبے کے حوالے سے کہا کہ حکومت بلوچستان نے وفاقی حکومت کے اشتراک سے 50 ارب روپے کی لاگت کا ایک میگا پروجیکٹ شروع کیا ہے جو تیزی سے جاری ہے تاہمکیسکو کی سست روی کی وجہ سے بعض مقامات پر تاخیر ہو رہی ہےاگر کیسکو نے جلدی اقدامات نہ کیے تو حکومت بلوچستان خود زمینداروں کے ساتھ مل کر سولر سسٹمز کی تنصیب مکمل کرے گی انہوں نے کہا کہ زمیندار خود کیسکو سے جان چھڑوانے پر خوش ہیں اور وہ اپنے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹمز پر منتقل کرنے کے لیے رضا مند ہیں حکومت بلوچستان اس منصوبے کو تیز تر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی تاکہ زراعت اور معیشت کو مستحکم کیا جا سکے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کر رہی ہےاور بلوچستان کے عوام کے لیے مزید توانائی کے منصوبے متعارف کرائے جائیں گےانہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سولر سسٹمز کی تقسیم مکمل شفافیت کے ساتھ کی جائے اور کوئی بھی غیر مستحق فرد اس میں مداخلت نہ کر سکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور جہاں کہیں بھی گنجائش پیدا ہو وہاں عوام کی بہتری کے لیے مزید منصوبے متعارف کرائے جائیں گےوزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حکومت چائنہ اور صوبائی حکومت کے مابین قریبی رابطہ کاری اور معاونت پر فرینڈز آف چائنہ فورم کے چئیرمین بایزید خان کاسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیاقبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری انرجی بلوچستان میر اصغر رند اور ایڈیشنل سیکرٹری انرجی ڈیپارٹمنٹ نے ہوم سولر سسٹم پروگرام پر اپنے خیالات کا اظہار کیا.