سول کورٹس اور کوسٹ گارڈز ترمیمی بل سینیٹ کمیٹیوں کے سپرد، اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بل منظور
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی جانب سے وقفہ سوالات جوابات معطل کرنے کی پیش کی گئی تحریک ایوان میں منظور

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینیٹ نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی بل 2025 منظور کر لیا جبکہ سول کورٹس ترمیمی بل 2025 اور کوسٹ گارڈز ترمیمی بل 2025 متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دیے گئے۔
بل وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کیے۔
سینیٹ اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیر صدارت شروع ہوا۔ وزیر قانون اعظم نذیر نے کہا کہ وقفہ سوالات جوابات کی تیاری نہیں کر سکا، وقفہ سوالات جوابات آج کے سیشن کی حد تک معطل کر دیں۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے وقفہ سوالات جوابات معطل کرنے کی تحریک ایوان میں پیش کی جو منظور کر لی گئی۔
قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی آئین کے آرٹیکل 106 میں ترمیم کے بل پر رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔ سینیٹر انوشہ رحمٰن نے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے حکومتی یقین دہانیاں کی رپورٹ سینیٹر عبدالشکور خان نے نے ایوان میں پیش کی۔ سیکٹر آئی ٹین فور کے ایک مکان سے فائل چوری ہونے پر سوال سینیٹر مشتاق احمد نے ایوان میں اٹھایا تھا۔
سینیٹر عبدالشکور خان نے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی۔ بلوچستان میں زرعی ٹیوب والوں کی سولرائزیشن سے متعلق سوال پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔
مالی سال 2023-24 پر سینیٹر ذیشان خانزادہ کے سوال پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ ایوان میں پیش کی گئی۔
سینیٹر پلوشہ خان ن کہا کہ آج ہم دہشت گردی کی ریٹنگ میں دوسرے نمبر پر ہیں، کس کس پر دعا کریں گے، ایک دن وہ یہاں پر بھی آجائیں گے۔
دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، سینیٹر شہادت اعوان نے دعا کروائی۔
سینیٹر سید مسرور احسن نے کہا کہ لاہور میں ایک مزدور نے انصاف نہ ملنے پر عدالت میں خود پر تیل چھڑک کر آگ لگائی، ان مزدوروں کے لیے کون بات کرے گا، ہم اپنے لیے تو باتیں کرتے رہتے ہیں، مزدوروں کے لیے کون بات کرے گا، اس شخص کو انصاف نہیں ملا اس نے خودکشی کرلی، اس کا ذمہ دار کون ہے۔