اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہوتے ہیں اور اس میں کوئی شرم نہیں، جنید اکبر


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا ہے کہ ہمارے اسٹیبلشمنٹ سے بالواسطہ اور بلاواسطہ رابطے ہوتے ہیں۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے جنید اکبر نے کہا کہ میں یہ کبھی نہیں کہوں گا ہمارے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے نہیں ہوتے کیوں کہ اداروں سے رابطوں پر ہمیں کوئی شرم نہیں اس لیے کہ یہ ہمارے اپنے ادارے ہیں۔
جنید اکبر نے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلوں کی توہین کر رہی ہے لیکن ہم ایسے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک جنریشن کے لیدر بھٹو کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن نہیں ایسا نہیں ہوسکا تو عمران خان تو 3 نسلوں کے لیڈر ہیں انہیں کیسےختم کریں گے۔
جنید اکبر نے کہا کہ ہمارے کارکنوں کو کئی کئی مقدمات میں پھنسایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کسی ادارے سے لڑائی نہیں لیکن سب کو آئین کی حدود میں رہنا پڑے گا۔
پی ٹی آئی کے پی کے صوبائی صدر نے کہا کہ ہم کسی کے ساتھ نہیں ٹکرائے بلکہ لوگ ہمارے ساتھ ٹکرائے اور ہمیں سیاسی سرگرمیاں نہیں کرنے دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام اور اداروں کے مابین فاصلے نہیں بڑھنے چاہییں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ریاست ایک قدم آگے بڑھے گی تو ہم 2 قدم آگے بڑھیں گے۔
جنید اکبر نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر صوبائی حکومت ذمہ دار نہیں لیکن یہ حیقیت ہے کہ صوبے میں حالات افغان پالیسی اور خارجہ پالیسی کی وجہ سے خراب ہوئے ہیں۔