ٹک ٹاکر دانیہ شاہ کی کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار جاں بحق، بیوی زخمی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ٹک ٹاکر دانیہ شاہ اور ان کے شوہر حکیم شہزاد کی کار کی ٹکر سے لودھراں کے قریب ایک شخص جاں بحق جب کہ خاتون زخمی ہوگئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حکیم شہزاد عرف لوہا پاڑ اور ان کی اہلیہ دانیہ شاہ کار میں اپنی ٹیم کے ہمراہ سفر کر رہے تھے کہ اس دوران ان کی گاڑی ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔
دوسری جانب حکیم شہزاد نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹکر ان کی گاڑی نے نہیں بلکہ موٹر سائیکل رانگ سائیڈ سے آ رہی تھی اور ان کی کار ٹکرا گئی۔
حکیم شہزاد کے مطابق حادثہ 4 مارچ کو لودھراں کے قریب پیش آیا تھا جس سے ان کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور انہیں بھی سر پر چوٹ لگی تھی جس سے وہ بیہوش ہوگئے تھے جبکہ اب بھی ان کی حالت ٹھیک نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی ان کے ڈرائیور چلا رہے تھے جب کہ کار میں ان کی اہلیہ، کیمرامین اور دوسرے ملازم بھی سوار تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد زخمی مرد اور خاتون کو ان کے ملازمین نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں کچھ گھنٹوں بعد مرد جاں بحق ہوگیا جب کہ خاتون خطرے سے باہر ہیں۔
انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ وہ نشے میں گاڑی چلارہے تھے۔ انہون نے دعویٰ کیا کہ ان کی کار ڈرائیور چلا رہا تھا۔
حکیم شہزاد نے بتایا کہ ان کی اہلیہ دانیہ شاہ خیریت سے ہیں اور وہ مرجانے والے شخص کے بچوں اور اہل خانہ کی کفالت کے اخراجات برداشت کریں گے۔
حکیم شہزاد نے واضح کیا کہ دانیہ شاہ سے شادی کے بعد ان کی زندگی میں آنے والے حادثات اور واقعات کا شادی سے کوئی تعلق نہیں اور اگر ایسا کوئی تعلق ہے تو بھی انہیں کوئی پریشانی نہیں۔
یاد رہے کہ حکیم شہزاد نے 21 سالہ دانیہ شاہ سے جولائی 2024 میں شادی کی تھی۔ اس سے قبل دانیہ شاہ سیاستدان و ٹی وی اینکر ڈاکٹر عامر لیاقت مرحوم کے عقد میں تھیں۔ عامر لیاقت سے دانیہ کی شادی فروری 2022 میں ہوئی تھی اور اس وقت وہ 18 برس کی تھیں۔ اس کے 4 ماہ بعد عامر لیاقت جون 2022 میں انتقال کر گئے تھے۔