حکومت خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے،ڈاکٹر ربابہ بلیدی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین قیدیوں کی بحالی اور ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔خواتین قیدیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی نفسیاتی معاونت، سکل ڈویلپمنٹ، کاروباری صلاحیتوں میں بہتری، پیشہ وارانہ تربیت، صحت اور کیریئر کی مشاورت کے مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار آئی جی جیل خانہ جات ملک شجاع الدین کاسی اور سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ سائرہ عطاء سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں خواتین قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایم او یو سائن کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ حکومت بلوچستان خواتین قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس حوالے سے پائیدار اصلاحاتی پالیسیوں کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ معاشرتی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہر طبقے کو برابری کے مواقع فراہم کیے جائیں اور قیدی خواتین کو بھی معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے۔انہوں نے مذید کہا کہ خواتین قیدیوں کے لیے بحالی پروگرامز کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ وہ جیل سے رہائی کے بعد ایک باوقار زندگی گزار سکیں۔