عوام کیلئے خوشخبری! حکومت نے بجلی سستی کردی، فی یونٹ کتنی کمی؟


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے نرخ میں فی یونٹ 3 روپے تک کمی کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری ڈسکوز کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ میں 2اعشاریہ 12 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے جبکہ کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے 3 روپے فی یونٹ کمی کی منظوری دی گئی ہے۔
بجلی کی قیمت میں کمی کا فائدہ صارفین کو مارچ 2025 کے بلوں میں منتقل کیا جائے گا۔یہ ریفنڈز ڈسکوز کے صارفین کو جنوری 2025 اور کے الیکٹرک کے صارفین کو دسمبر 2024 کے لیے دیے جائیں گے۔
فیول چارج ایڈجسٹمنٹ وہ اضافی اخراجات ہیں جو عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور بجلی کی پیداوار کے طریقہ کار میں تبدیلی کے باعث لاگو ہوتے ہیں۔ نیپرا ان اخراجات کا جائزہ لینے اور منظوری دینے کے بعد صارفین تک منتقل کرتی ہے۔
ریگولیٹری اتھارٹی کے فیصلے کے مطابق، یہ کمی الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز ، لائف لائن صارفین، پری پیڈ میٹرنگ صارفین اور زرعی صارفین پر لاگو نہیں ہوگی۔
اس سے قبل سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی گارنٹی لمیٹڈ نے بجلی کے نرخ کم کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس میں صارفین کو فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2اعشاریہ 32 روپے فی یونٹ ریفنڈ دینے کی تجویز دی گئی تھی۔
درخواست کے مطابق، جنوری 2025 میں 7اعشاریہ 8160 ارب یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جس پر صارفین کو 13اعشاریہ 1 روپے فی یونٹ چارج کیا گیا، جبکہ اصل لاگت 10اعشاریہ 78 روپے فی یونٹ رہی۔
کے الیکٹرک نے بھی نیپرا کو 4اعشاریہ 95 روپے فی یونٹ بجلی کے نرخ کم کرنے کی درخواست دی تھی۔کے الیکٹرک نے دسمبر 2024 میں صارفین سے اضافی چارج کیے گئے نرخوں کے ازالے کے طور پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی تجویز دی تھی۔