سلمان خان کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں، اداکارہ ماورا حسین


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ماورا حسین نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔
ماروا حسین نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ سلمان خان کی بہت بڑی فین ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ اسٹار کی تمام فلمیں دیکھی ہیں اور ان کی فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ وہ کئی بار دیکھ چکی ہیں۔
ماورا حسین نے سلمان خان کی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ اور ’بجرنگی بھائی جان‘ کو خوب سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ’بجرنگی بھائی جان‘ فلم میں دکھایا گیا ہے کہ ایک ملک کو اچھا دکھانے کے لیے دوسرے ملک کو برا دکھانا ضروری نہیں ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سلمان خان کے ساتھ ساتھ وہ رنبیر کپور کے ساتھ بھی فلم میں کام کرنا چاہیں گی۔
یاد رہے کہ اداکارہ ماورا حسین کی رومانوی بھارتی فلم ’صنم تیری قسم‘ کی ری ریلیز نے بھارت میں باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی ہے جس کے بعد وہ متعدد بھارتی شوز میں انٹرویو دیتی نظر آئیں۔ یہ فلم 2016 میں ریلیز کی گئی تھی تاہم یہ باکس آفس پر بزنس کرنے میں ناکام رہی تھی۔
فلم کی دوبارہ ریلیز نے غیر معمولی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس نے صرف بھارت میں 5 دنوں میں 25.16 کروڑ روپے کما کر ہمیش ریشمیا کی فلم ’بی آر‘ اور ’لویاپا‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
واضح رہے کہ یہ ماورا حسین کی پہلی اور آخری بالی ووڈ فلم تھی۔ اس کے بعد وہ پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی 2‘ میں نظر آئیں۔ اس کے بعد انہوں نے ٹی وی پر توجہ مرکوز کرلی۔ ان کے پاس یونیورسٹی آف لندن سے قانون کی ڈگری ہے۔ انہوں نے اپنے قانونی کیریئر کو ایک طرف رکھ دیا کیونکہ وہ اپنے اداکاری کے کیریئر پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔