واٹس ایپ گروپ سے کیوں نکالا، شہری نے ایڈمن کو قتل کردیا


پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور کے نواحی علاقے ریگی سفید سنگ میں واٹس ایپ گروپ سے ریموو کرنے پر ایک شخص نے طیش میں آکر واٹس ایپ گروپ کے ایڈمن کو مبینہ طور پر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پشاور پولیس کے مطابق جمعرات کے روز پشاور نواحی علاقے ریگی سفید سنگ میں پیش آیا، جس کی ایف آئی آر مقتول کے بھائی کی مدعیت میں درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
تھانہ ریگی میں درج ایف آئی آر میں مقتول کی شناخت مشتاق احمد کے نام سے ہوئی ہے جو ایک واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن تھا، ایف آئی آر میں مقتول مشتاق کے بھائی نے پولیس کو بتایا کہ ان کا بھائی ایک واٹس گروپ کا ایڈمن تھا اور علاقے کے شخص سے ان کی گروپ سے نکالنے پر تکرار ہوئی۔
مدعی نے پولیس کو بتایا کہ ملزم اشفاق سے لڑائی کے وقت وہ خود بھی موجود تھے، صلح صفائی کے بعد وہ گھر جارہے تھے کہ ملزم نے ان پر فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ فائرنگ سے بچنے کے لیے دونوں بھائی پٹرول پمپ میں پناہ لی تھی کہ اس دوران ملزم پمپ میں داخل ہوا اور مشتاق احمد پر مبینہ طور پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔