می ٹو مہم: عدالت نے تنوشری دتہ کے نانا پاٹیکر پر جنسی ہراسانی کے الزامات مسترد کر دیے


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی عدالت نے اداکار نانا پاٹیکر اور دیگر 3 افراد کے خلاف اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے لگائے گئے جنسی ہراسانی کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مہارشٹرا میں واقع اندھیری کی ایک میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت نے اداکارہ تنوشری دتہ کے ’می ٹو‘ تحریک کے تحت درج کروائے گئے جنسی ہراسانی سے متعلق دو مجرمانہ مقدمات کو نمٹا دیا ہے۔
عدالت نے تنوشری دتہ کی جانب سے اداکار نانا پاٹیکر اور دیگر 3 افراد کے خلاف لگائے گئے جنسی ہراسانی سے متعلق الزامات کو مسترد کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکار نانا پاٹیکر کے خلاف پہلی ایف آئی آر 5 اکتوبر 2018ء جبکہ دوسری ایف آئی آر ٹھیک 5 دن بعد اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی۔
دونوں ایف آئی آرز مارچ 2008ء اور اکتوبر 2010ءمیں پیش آنے والے 2 واقعات سے متعلق تھیں۔
اداکارہ تنوشری دتہ نے ناناپاٹیکر، گنیش اچاریہ، راکیش سارنگ اور عبدالسمیع عبدالغنی صدیقی پر ایک ہندی فلم کے سیٹ پر جنسی طور پر ہراساں کرنے اور توہین کرنے کا الزام لگایا تھا۔