انڈے کھانے کی عادت خاص طور پر معمر افراد میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔

کینبرا (قدرت روزنامہ لائن) طویل عرصے سے انڈوں کے غذائی فوائد اور ان کے دل کی صحت پر اثرات پر بحث جاری ہے تاہم موناش یونیورسٹی کی حالیہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ انڈے کھانے کی عادت خاص طور پر معمر افراد میں دل کی بیماریوں سے ہونے والی اموات کے خطرے کو کم کر سکتی ہے۔
یہ تحقیق جریدے نیوٹرینٹس میں شائع ہوئی ہے جس میں 70 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 8756 افراد پر تحقیق کی گئی۔ تحقیق میں شرکاء سے دریافت کیا گیا کہ وہ ہفتہ وار کتنے انڈے کھاتے ہیں۔ شرکاء کو تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا: وہ جو کبھی کبھار یا بالکل نہیں کھاتے (مہینے میں 1-2 بار یا اس سے کم)، وہ جو ہفتے میں 1-6 بار کھاتے ہیں، اور وہ جو روزانہ یا دن میں کئی بار انڈے کھاتے ہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ وہ افراد جو ہفتے میں ایک سے چھ بار انڈے کھاتے تھے، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 15 فیصد کم تھا، جبکہ دل کی بیماری سے مرنے کا خطرہ 29 فیصد کم تھا۔
نیوز 18 کے مطابق انڈے ایک مکمل غذا سمجھے جاتے ہیں، کیونکہ ان میں اعلیٰ معیار کی پروٹین، بی وٹامنز، فولیٹ، غیر سیر شدہ چکنائی اور دیگر اہم منرلز پائی جاتی ہیں۔ خاص طور پر معمر افراد کے لیے انڈے ایک سستی اور غذائیت سے بھرپور غذا ہیں، جو عمر کے ساتھ جسمانی اور حسی صلاحیتوں میں کمی کی وجہ سے غذائی قلت کے شکار ہو سکتے ہیں۔
محققین نے انڈوں کے استعمال کو مختلف معیار کی غذا کھانے والے بزرگ افراد میں بھی پرکھا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ وہ افراد جو متوازن اور صحت مند غذا کھا رہے تھے، اور ساتھ ہی ہفتے میں مناسب مقدار میں انڈے کھاتے تھے، ان میں دل کی بیماریوں سے مرنے کا خطرہ 33سے 44 فیصد تک کم تھا۔ اس تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا جا سکتا ہے کہ ایک اچھی خوراک کے ساتھ ساتھ انڈے کھانے کی عادت عمر میں اضافہ اور دل کی بیماریوں کے خلاف مزید فوائد فراہم کر سکتی ہے۔