اسلام آباد میں ایک شخص نے غلط فہمی کی بنیاد پر خواتین کو گاڑی سے اتار کر شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اسلام آباد کے سیکٹر ایف نائن میں ایک شخص نے غلط فہمی کی بنیاد پر خواتین کو گاڑی سے نیچے اتار کر تشدد کا نشانہ بنا دیا ۔ سوشل میڈ یا پر سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم نے زبردستی خواتین کی گاڑی کا دروازہ کھول کر انہیں گاڑی سے نیچے اتارا اس دوران اس نے پہلے ویڈیو بنانے والی خاتون پر حملہ کیا اور بعد میں خواتین کو بالوں سے پکڑ کر سڑک پر گھسیٹا ۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق خاتون اپنی ساتھیوں کے ساتھ تصاویر بنا رہی تھیں کہ اسی دوران ملزم نے یہ سمجھا کہ وہ خواتین اس کے خاندان کی تصاویر بنا رہی ہیں۔ اس معمولی غلط فہمی پر ملزم نے خواتین سے بدتمیزی کی اور انہیں ہراساں کیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے ملزم کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا اور ملزم کو حراست میں لے لیا۔