عوام کیلئے بڑی خوشخبری! بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی متوقع، یونٹ مزید کتنا سستا؟

کراچی(قدرت روزنامہ)کے الیکٹرک نے جنوری 2025 کے ماہانہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے جس کے تحت صارفین کو 4اعشاریہ 84 روپے فی کلو واٹ آور کا ریلیف مل سکتا ہے۔

حتمی منظوری نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) دے گی جو اس معاملے پر سماعت کے بعد فیصلہ جاری کرے گی کہ صارفین کو یہ رعایت کس حد تک اور کس مدت کے لیے فراہم کی جائے گی۔

اس سے قبل نیپرا نے دسمبر 2024 کے ایف سی اے پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے صارفین کے لیے 3روپے فی یونٹ کے ریلیف کی منظوری دی تھی جو مارچ 2025 کے بلوں میں دیا جائے گا۔

کے الیکٹرک کے مطابق نیپرا نے 2اعشاریہ 01 ارب روپے کی ایک رقم عارضی طور پر روک لی ہے جو جزوی لوڈ، اوپن سائیکل، ڈگریڈیشن کروز اور اسٹارٹ اپ کاسٹ کے اخراجات سے متعلق ہے۔

اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ صارفین کو مستقبل میں اضافی مالی بوجھ سے بچایا جا سکے اور یہ رقم کے الیکٹرک کے زیر التوا کلیمز میں ایڈجسٹ کی جائے گی۔

فیول چارج ایڈجسٹمنٹ عالمی سطح پر ایندھن کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ اور بجلی پیدا کرنے کے ذرائع میں تبدیلیوں کی وجہ سے کی جاتی ہے۔

نیپرا ان ایڈجسٹمنٹس کی جانچ اور منظوری کے بعد ہی صارفین کے بلوں میں شامل کرتی ہے۔ جب ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو صارفین کے بلوں میں اضافہ کیا جاتا ہے جبکہ قیمتوں میں کمی کی صورت میں صارفین کو ریلیف دیا جاتا ہے۔

نیپرا کے فیصلے کے مطابق یہ ایڈجسٹمنٹ لائف لائن صارفین، گھریلو پروٹیکٹڈصارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور وہ تمام صارفین جو پری پیڈ ٹیرف استعمال کر رہے ہیں، ان پر لاگو نہیں ہوگی۔

صارفین کو بجلی کے نرخوں میں ممکنہ کمی کا انتظار ہے جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں استحکام اور شفافیت کے لیے نیپرا کی نگرانی جاری رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *