صدر آصف زرداری کی تقریر میں وفاق کی کوئی علامت نہیں دکھائی دی،پی ٹی آئی

اسلام آباد ( قدرت روزنامہ)صدر آصف علی زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کہا ہے کہ ان کے خطاب میں کوئی نئی بات نہیں، صدر کو وفاق کی کوئی علامت نظر نہیں آئی۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا کہ صدر مملکت نے آج پارلیمنٹ سے جو خطاب کیا اس میں کوئی نئی بات نہیں، شہباز شریف کے دور حکومت میں کیا خاص بات ہے کہ یہ کلیئرنس کھیلے جا رہے ہیں۔
عمر ایوب نے کہا کہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، ملک 4 ہزار ارب سے زائد کا مقروض ہو چکا ہے، اب کراچی کا پانی بھی بیچا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ فوج بھی میری ہے اور یہ ملک بھی میرا ہے، بلوچستان میں پٹرولیم کی اسمگلنگ عروج پر ہے، اس وقت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 3 روز کے لیے لاک ڈاؤن ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی نہ ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری نہیں آ رہی، مزید 20 کروڑ پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے جا چکے ہیں۔اس موقع پر پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے آج کی تقریر میں وفاق کی کوئی علامت نہیں دکھائی جس کی وجہ سے ہم نے احتجاج کیا۔
ا س سے قبل اپوزیشن ارکان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر آصف زرداری کے خطاب کے دوران نعرے بازی کی۔ صدر نے ہیڈ فون لگا کر اپنا خطاب مکمل کیا۔اپوزیشن کے شور شرابے کے باعث وزیراعظم شہباز شریف کو بھی ہیڈ فون لگانا پڑا۔ صدر اپنی تقریر کے دوران اپوزیشن کی طرف دیکھتے ہوئے مسکرائے۔پاکستان تحریک انصاف نے ایوان میں قیدی نمبر 804 کے نعرے لگائے۔