ڈاکوؤں نے 17 منٹ میں سٹور سے 25 کروڑ کی جیولری لوٹ لی

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست بہار کے آرا میں واقع تنشق جیولری شوروم میں دن دہاڑے 25 کروڑ روپے مالیت کی جیولری لوٹ لی گئی۔ چھ ڈاکو کسٹمرز کے روپ میں شوروم میں داخل ہوئے اور عملے کو یرغمال بنا کر واردات کو انجام دیا۔ پولیس کے مطابق واردات کے بعد گزشتہ رات ایک ناکہ بندی کے دوران ملزمان کو روکا گیا جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں دو ڈاکو زخمی ہو گئے اور انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق لوٹی گئی جیولری کا ایک بڑا حصہ تقریباً 70 فیصد، برآمد کر لیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ صبح 10 بجے کے بعد اس وقت پیش آیا جب شوروم کا عملہ روزانہ کی طرح تجوری سے زیورات نکال کر شوکیس میں رکھ رہا تھا۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد چھ افراد ایک گاڑی میں سوار ہو کر شوروم پہنچے اور سڑک کے پار گاڑی کھڑی کر کے اندر جانے کی کوشش کی۔ دروازے پر تعینات گارڈ نے انہیں روکا اور پالیسی کے مطابق بیک وقت صرف چار افراد کو اندر جانے کی اجازت دینے کی ہدایت کی۔ اسی دوران ایک ڈاکو نے پستول نکال کر گارڈ کے سر پر تان لی، اسلحہ چھین لیا اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔
شوروم کے ملازم روہت کمار مشرا کے مطابق ڈاکوؤں نے گارڈز کے ہتھیار چھین کر تمام عملے کو ایک کونے میں جمع ہونے کا حکم دیا۔ “میں کاؤنٹر کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا تھا، مگر ڈاکوؤں نے مجھے نکال کر زدوکوب کیا اور میرا فون مانگا۔ میں نے فون چھپا دیا تھا، جس پر ایک ڈاکو نے کہا کہ اسے گولی مار دو، یہ سی آئی ڈی بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ ہم سب اتنے خوفزدہ تھے کہ ہمیں کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ کیا ہو رہا ہے۔”
ایک اور ملازمہ سِمرن نے کہا کہ جیسے ہی ڈاکوؤں نے عملے کو یرغمال بنایا اس نے پولیس کو اطلاع دی۔ لیکن جب تک پولیس پہنچی ڈاکو اپنا کام مکمل کر کے فرار ہو چکے تھے۔ اطلاعات کے مطابق پورا واقعہ صرف 17 منٹ میں انجام پایا۔
شوروم کے منیجر کمار مرتیُنجے نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے 25 کروڑ روپے مالیت کے زیورات اور نقدی لوٹ لی، جن میں سونے کی چین، ہار، چوڑیاں اور ہیرے شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شادیوں کے سیزن کے پیش نظر شوروم میں بڑی مقدار میں زیورات رکھے گئے تھے۔
بھوژپور پولیس کے مطابق واردات کے بعد ضلع بھر میں ڈاکوؤں کی تصاویر پھیلائی گئیں اور گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ رات گئے ایک پولیس ٹیم نے تین موٹرسائیکلوں پر سوار چھ مشتبہ افراد کو روکا لیکن وہ فرار ہونے لگے۔ اس پر پولیس نے تعاقب کیا اور فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دو ڈاکو زخمی ہو گئے۔ گرفتار ملزمان سے دو پستول، دس گولیاں، لوٹے گئے زیورات سے بھرے دو تھیلے اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے۔ پولیس باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔