رمضان المبارک کا پہلا عشرہ، مسجد نبویؐ میں تقریباً ایک کروڑ نمازیوں کی آمد

مدینہ منورہ (قدرت روزنامہ )مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ میں رمضان المبارک کی مبارک ساعتوں میں عبادتوں کی سعادت حاصل کرنے کے لئے دنیا بھر سے مسلمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق مسجد نبویؐ میں معتمرین اور عبادت گزاروں کی بڑی تعداد پہنچ رہی ہے۔ سحر و افطار میں خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔گرمی سے بچاﺅ کے لیے خصوصی نظام وضع کیا گیا ہے۔ افطار کے بعد جگہ جگہ ٹھنڈے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انتظامی امور کے نگران نے بتایا کہ رمضان المبارک کے پہلے عشرے کے دوران مسجد نبویؐ اس کی چھتوں اور صحنوں میں نمازیوں کی تعداد 1 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔معتمرین اور نمازیوں کی آمد و رفت کو آسان اور رواں بنانے کے لیے مسجد نبویؐ کے اطراف میں ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
مسجد نبوی کے داخلی اور خارجی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار اور خادمین نمازیوں کی رہنمائی اور مدد کے لیے موجود ہیں۔سعودی حکومت کے بے مثال انتظامات اور خدمات کے باعث مسجد نبویؐ آنے والے معتمرین اور عبادت گزاروں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے رمضان المبارک میں معتمرین اور عبادت گزاروں کو ہر ممکن سہولت اور آسانی فراہم کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
سعودی حکومت نے اللہ کے مہمانوں کے شایان شان استقبال کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *