عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججوں کا تبادلہ چیلنج کردیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 ججوں کا تبادلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت الجہاد ٹرسٹ کیس کے تناظر میں شفافیت یقینی بنانے کا حکم دے۔
عمران خان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت قرار دے کے آرٹیکل 200 کا استعمال مفصل مشاورت سے ہی ممکن ہے، 3 ججوں کا اسلام آباد ہائیکورٹ تبادلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے پہلے سے موجود ججز کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، کیونکہ ان ججوں نے عدلیہ میں مداخلت کیخلاف آواز اٹھائی تھی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں نے ان کیخلاف مقدمات میرٹ پرنمٹائے تھے، بغیر حلف اٹھائے ایک جج کو لا کر قائمقام چیف جسٹس بنایا گیا۔
درخواست میں وفاقی حکومت، لاہور، اسلام آباد ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ سارے طریقے عدلیہ کی آزادی ختم کرنے کے لیے آزمائے جا رہے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹس کے رجسٹرارز کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *