’پانی میں جذبات ہوتے ہیں، یہ باتیں سنتا ہے‘، جویریہ سعود کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ و میزبان جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ پانی کے اندر جذبات ہوتے ہیں اور وہ سن سکتا ہے۔
حال ہی میں جویریہ سعود نے رمضان ٹرانسمیشن میں کہا کہ جاپانی سائنسدان نے تحقیق کی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ پانی بھی جذبات رکھتا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ سائنسدان نے تجربے کے لیے دو بوتلوں میں پانی ڈال کر ان کے سامنے مثبت اور منفی باتیں کیں اور پھر بوتلوں میں موجود پانی کو جانچا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد جاپانی سائنس دان نے دیکھا کہ جس پانی کی بوتل کے سامنے انہوں نے منفی باتیں کی تھیں، اس بوتل کا پانی گدلا ہوچکا تھا اور جس پر اچھی باتیں کی تھیں اس کا پانی ویسا ہی رہا۔
جویریہ سعود کا کہنا تھا کہ کھانا تیار کرتے وقت جو شخص جیسے جذبات اور الفاظ کہے گا، کھانا بھی اسی طرح ہی بنے گا۔ ان کی بات پر ایمن خان نے کہا کہ شاید اسی لیے کہا جاتا ہے کہ ماں کے تیار کردہ کھانے جیسا ذائقہ کسی کا نہیں ہو سکتا اور بہنوں کے ہاتھ کے کھانے کا ذائقہ ہی الگ ہوتا ہے۔
جویریہ سعود کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر دلچسپ تبصرے کیے کسی نے کہا کہ اداکارہ نے بالکل ٹھیک بات کی ہے جبکہ کئی صارفین ان کا مذاق بناتے نظر آئے۔
ایک صارف نے جویریہ سعود کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ’کہاں سے آتے ہیں یہ لوگ، کیا سننا اور دیکھنا پڑ رہا ہے‘۔ ایک صارف نے کہا کہ لوگ جویریہ سعود کا مذاق صرف اس لیے اڑا رہے ہیں کیونکہ وہ اداکارہ ہیں۔ جبکہ کئی صارفین نے اداکارہ سے سوال کیا کہ ’جاپان کے سائنسدان اور پانی کو اس بات کا پتہ پے‘۔