مسجد الحرام میں رمضان کے پہلے عشرے میں ڈھائی کروڑ سے زائد زائرین کی آمد، نیا ریکارڈ

مکہ مکرمہ (قدرت روزنامہ) حرمین شریفین کے امور کی جنرل اتھارٹی نے بتایا ہے کہ رمضان المبارک کے ابتدائی 10 دنوں میں مسجد الحرام میں عبادت اور زیارت کے لیے آنے والوں کی تعداد دو کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔اسی عرصے کے دوران 55 لاکھ سے زائد مسلمانوں نے عمرہ ادا کیا، جو مقدس مقام پر مذہبی سرگرمیوں میں نمایاں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کو منظم کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر انتظامات کیے گئے ہیں۔ 11 ہزار سے زائد ملازمین کو مسجد الحرام کے صحن اور گزرگاہوں میں عبادت گزاروں کی رہنمائی کے لیے تعینات کیا گیا ہے، جبکہ 350 سعودی نگران چار ہزار صفائی کارکنوں کی نگرانی کر رہے ہیں جو روزانہ پانچ بار مسجد کی صفائی کا عمل انجام دیتے ہیں۔

یہ عملہ مسجد کے داخلی راستوں اور گزرگاہوں کو تیار کرنے، سیڑھیوں اور لفٹوں کے ذریعے داخلے کو منظم کرنے اور نمازیوں کو اوپر کی منزلوں اور طواف کے علاقے کی طرف رہنمائی کرنے کے لیے بھی کام کرتا ہے۔ لاکھوں زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام میں زمزم کے 20 ہزار ڈسپنسر فراہم کیے گئے ہیں۔

جن افراد کو پیدل چلنے میں مشکلات یا معذوری کا سامنا ہو، ان افراد کے لیے 400 برقی گالف کارٹس بھی دستیاب ہیں، جو مسجد الحرام کے روحانی اور معماری حسن کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی گئی ہیں۔ مسجد الحرام کے اندر درجہ حرارت کو کنٹرول کرنے کے لیے دنیا کے سب سے بڑے کولنگ سسٹمز میں سے ایک نصب کیا گیا ہے، جس کی مجموعی گنجائش ایک لاکھ 55 ہزار ٹن ہے۔ یہ جدید کولنگ سسٹم اندرونی درجہ حرارت کو 22 سے 24 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان برقرار رکھتا ہے اور ہوا کو 95 فیصد تک صاف کرنے والے فلٹرز کے ذریعے مسجد میں صاف ہوا کی روانی کو یقینی بناتا ہے۔

مسجد الحرام میں نصب آٹھ ہزار سپیکرز پر مشتمل جدید صوتی نظام اذان، خطبے اور نماز کو تینوں توسیعات اور ملحقہ صحنوں میں واضح طور پر پہنچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ مسجد میں ایک لاکھ 20 ہزار لائٹنگ یونٹس نصب ہیں، جو زائرین کے لیے سال بھر روشنی کا مناسب انتظام برقرار رکھتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *