بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی سے پاکستانیوں کے حوصلے نہیں ٹوٹیں گے: ملک احمد خان

لاہور (قدرت روزنامہ )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی دہشتگردی سے پاکستانیوں کے حوصلے نہیں ٹوٹیں گے۔ مسلح جتھے ریاست پرحملہ کریں گے تو کارروائی کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہو گا۔ جب کوئی طاقت کی زبان استعمال کرتا ہے تو پھر یہ لڑائی ہے، بلوچستان میں دہشت گردوں کے ساتھی اپنے لوگ نہیں ہیں۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گردی کا الزام لگانے والا بھارت خود ایک دہشت گرد ملک ہے، بلوچستان سے ہی کلبھوشن پکڑا گیا تھا۔ شواہد کے ساتھ بھارتی دراندازی دیکھتے ہیں تو بھارت کا مقدمہ کمزور ہوتا ہے، حالیہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے واقعات سے اس کا مقدمہ مزید کمزور ہو گا۔ بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی سے پاکستانیوں کے حوصلے نہیں ٹوٹیں گے، اس سے زیادہ بھارتی حمایت یافتہ شرمناک واقعہ پہلے رونما نہیں ہوا۔

“جنگ ” کے مطابق ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ پاک افواج اور سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے دہشت گردوں کو واصلِ جہنم کیا، دہشت گردی کے واقعے میں جو لوگ شہید ہوئے ان کے غم میں برابر کا شریک ہوں، ہماری فورسز بھارتی دہشت گردی سے بھرپور انداز میں نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

سپیکر پنجاب اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ میں مذاکرات پر یقین رکھنے والا شخص ہوں۔سیاسی حقوق دینے میں اگرچہ کچھ غلطیاں ہوئی ہوں گی، جب کوئی طاقت کی زبان استعمال کرتا ہے تو پھر یہ لڑائی ہے، بلوچستان میں دہشت گردوں کے ساتھی اپنے لوگ نہیں ہیں۔ دہشت گرد بزدل ہیں، وہ لوگوں کو ڈھال بنا کر حملہ کرتے ہیں، ایک ملک کی حمایت سے علیٰحدگی پسندوں کا معصوم شہریوں پر حملہ قابلِ قبول نہیں،بلوچستان میں ٹرین پر حملہ بھارت کی جانب سے جنگ کی ایک قسم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *