برطانیہ کی نئی ویزا پالیسی، ویزے سے مستثنیٰ ممالک کے مسافر بھی متاثر

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانیہ نے غیر قانونی تارکین وطن کے داخلے کو روکنے کے لیے نئی ویزا پالیسی کا اعلان کردیا لیکن اس اقدام سے مختلف ممالک کے مسافر بھی متاثر ہوں گے۔
نئی پالیسی میں بنیادی طور پر الیکٹرانک ٹریول اتھارٹی (ای ٹی اے) سسٹم متعارف کراتے ہوئے ویزا پالیسیوں میں کچھ ایڈجسٹمنٹس کی گئی ہیں۔
برطانیہ نے ویزا سے مستثنیٰ ممالک کے مسافروں کی آمد سے قبل ان کی پری اسکریننگ کےلیے ای ٹی اے سسٹم نافذ کیا ہے جو مسافروں کے پاسپورٹ کے ساتھ الیکٹرانک طور پر منسلک کیا جائے گا جو 2 ال یا پاسپورٹ مدت ایکسپائر ہونے تک قابل عمل ہوگا۔
نئے سسٹم کے نفاذ سے مختلف ممالک کے مسافروں کو مشکلات درپیش ہیں کیوں کہ انہیں اس سے پہلے برطانیہ میں داخل ہونے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں تھی۔
نئی پالیسی اب امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، جاپان، نیوزی لینڈ، جنوبی کوریا، سنگاپور، اسرائیل، کیریبین، یورپ اور بحرالکاہل کے مختلف ممالک کے شہریوں پر بھی لاگو ہوگی اور برطانیہ جانے سے پہلے انہیں ای ٹی اے کے لیے درخواست دینی ہوگی۔
مسافروں کو ای ٹی اے کے لیے آن لائن یا موبائل ایپ کے ذریعے پاسپورٹ، ڈیجیٹل تازہ تصویر اور 10 پاﺅنڈ فیس کے ساتھ ایک درخواست دینی ہوگی۔