وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ پروجیکٹ کے مالی مسائل اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (MCQ) میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صفا کوئٹہ پروجیکٹ کے مالی مسائل اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (MCQ) میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ، وزیر فنانس، پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیر اعلیٰ، ایم ڈی پی پی پی یونٹ، سی ای او پی پی پی اتھارٹی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ، چیف میٹروپولیٹن آفیسر MCQ، اور اکاؤنٹ آفیسر MCQ نے شرکت کی۔

اجلاس میں تمام ڈیلی ویجرز اور کنٹریکٹ ملازمین کو فوری طور پر برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ ان کی خدمات کی مزید ادائیگی روک دی جائے گی۔ MCQ کے ڈیلی ویجرز پر پابندی عائد کی گئی، کیونکہ ان کی خدمات غیر موثر اور بھاری بھرکم ہیں۔ MCQ کے بجٹ کو روزمرہ کے اخراجات تک محدود کرنے اور آمدنی بڑھانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے پر زور دیا گیا۔

لینڈ فل سائٹ کے مسائل کو پروجیکٹ کے دائرہ کار میں شامل کیا جائے گا، جبکہ مشینری کی ترسیل میں تاخیر پر سنجیدگی سے توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔

دکانوں پر قبضہ ہے اور وہ 55 روپے میں چل رہی ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قانون کے مطابق ان کی نیلامی کی جائے گی، تاکہ شفافیت اور مناسب آمدنی کو یقینی بنایا جا سکے۔

میٹنگ میں بتایا گیا کہ 11 کروڑ روپے اوور ٹائم پر خرچ کیے گئے ہیں، جبکہ 16 کروڑ روپے ڈیلی ویجز پر خرچ ہوئے ہیں۔ ان اخراجات کو فوری طور پر ختم کرنے اور یہ رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف سیکریٹری کی زیر صدارت ہونے والی میٹنگ میں یہ بھی طے پایا کہ غیر ضروری عہدوں کو ختم کیا جائے گا اور مستقل عملے کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ پیکیج پیش کیا جائے گا، تاکہ انتظامیہ کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالا جا سکے۔

تمام تنخواہیں اور ادائیگیاں SAP سسٹم کے ذریعے کی جائیں گی، جبکہ اوور ٹائم، اعزازیہ، اور دیگر غیر ضروری اخراجات پر فوری پابندی عائد کی گئی۔ MCQ کا آئندہ سال کا بجٹ ڈائریکٹر فنانس BPPPA کی مشاورت سے تیار کیا جائے گا، تاکہ مالیاتی شفافیت اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ صفا کوئٹہ پروجیکٹ کے مالی مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور MCQ کو خود کفیل بنانے کے لیے ضروری اصلاحات نافذ کریں۔ انہوں نے شرکاء سے کہا کہ وہ اپنا ڈیٹا تیار کریں اور اگلے ہفتے تک تمام معاملات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

اس اجلاس کا بنیادی مقصد کوئٹہ شہر میں صفائی کے مسائل کو حل کرنا، صفا کوئٹہ پروجیکٹ کو فعال بنانا، اور MCQ کو مالی خود مختاری فراہم کرنا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام اقدامات بروقت اور مؤثر طریقے سے کیے جائیں۔ یہ اجلاس شہر کی ترقی اور بہتری کے لیے ایک اہم قدم ہے، جس کے مثبت نتائج کی توقع کی جا رہی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *