پی ایس ایل 10 کی ٹرافی ’لومینارا‘ 29 مارچ تک کن 11 شہروں کا سفر کرے گی؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار ٹرافی ٹور کا آغاز آج حیدر آباد اور کراچی سے ہو رہا ہے اور ’لومینارا‘ ٹرافی 29 مارچ تک پاکستان کے 11 شہروں کا سفر کرے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ٹرافی ٹور کے پہلے مرحلے میں، ’لومینارا‘ ٹرافی حیدرآباد اور کراچی کے مختلف مقامات پر 15 مارچ تک نمائش کے لیے رکھی جائے گی۔ حیدرآباد اور کراچی کے بعد، ٹرافی لاہور، ملتان، بہاولپور، فیصل آباد، پشاور اور اسلام آباد جائے گی۔ ٹرافی ٹور کے دوسرے مرحلے کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ ٹرافی ٹور پاکستان کی بھرپور ثقافت، متنوع کمیونٹیز اور سب سے بڑھ کر کرکٹ کے لیے اس کی گہری محبت کا جشن ہے۔ اس ٹور کا مقصد پورے پاکستان میں HBL PSL ٹرافی کی رسائی کو بڑھانا ہے۔
پہلے مرحلے میں، ٹرافی کراچی کی رنگین گلیوں سے لاہور کے تاریخی مقامات تک نمائش کے لیے رکھی جائے گی، جہاں پاکستان کے دلکش منظر ناموں کا بھی تعارف کرایا جائے گا، اور مزید تاریخی اور نمایاں مقامات کا سفر کیا جائے گا۔
سلمان نصیر نے کہا کہ ٹرافی ٹور ہمارے لیے ان مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کا طریقہ ہے، جو پچھلے دہائی بھر سے HBL PSL کی جان اور روح ہیں۔ ان کی غیر متزلزل حمایت ہمارے کھلاڑیوں کے جذبے کو فروغ دیتی ہے اور اس لیگ کو دنیا کی بہترین لیگ میں سے ایک بناتی ہے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کی ٹرافی ’لومینارا‘ کے پہلے مرحلے کا شیڈول
14 مارچ – حیدرآباد
14-15 مارچ – کراچی
16-17 مارچ – لاہور
18 مارچ – ملتان
19 مارچ – بہاولپور
20 مارچ – فیصل آباد
22 مارچ – پشاور
23 مارچ – اسلام آباد
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کا 10واں ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *