رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں ڈھائی کروڑ نمازیوں اور زائرین کی آمد

مکہ مکرمہ(قدرت روزنامہ)رمضان کے پہلے عشرے میں مسجد الحرام میں ڈھائی کروڑ نمازیوں اور زائرین کی آمد ہوئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق ماہ رمضان کے پہلے 10دنوں میں 55 لاکھ سے زائد افراد نے عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی۔
جنرل اتھارٹی برائے حرمین شریفین نے عبادت گزاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جامع انتظامات کے حوالے سے نئے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔
مسجد الحرام کے صحن اور گزرگاہوں میں نظم و ضبط قائم رکھنے کیلئے11 ہزار سے زائد ملازمین تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 350 سعودی سپروائزر 4 ہزار کارکنوں کی نگرانی کر رہے ہیں جو مسجد کو روزانہ پانچ بار صاف کرتے ہیں۔
یہ کارکن زائرین کو طواف کے علاقے کی طرف لے جانے کے فرائض بھی انجام دیتے ہیں، جبکہ تمام حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جاتا ہے۔
لاکھوں زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام میں آب زم زم کے 20 ہزار ڈسپنسر نصب کیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ مسجد الحرام میں دنیا کے بڑے کولنگ سسٹمز میں سے ایک بھی نصب ہے، جس کی مجموعی گنجائش ایک لاکھ 55 ہزار ٹن ہے۔