مافیاز سے مقابلہ ہے، غریبوں کیلئے جو ہم نے کیا کسی نے نہیں کیا: وزیراعظم

اٹک (قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے ہمارا انحصار دارمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں۔غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے ۔غریبوں کیلئے جو ہم نے کیا کسی نے نہیں کیا۔ان کا کہنا ہے ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہےکرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
وزیر اعظم عمران خان سے ضلع اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات کی ۔دوران ملاقات وزیر اعظم عمرا ن خان نے کہا ہماری حکومت جب آئی تو اس وقت مجموعی معاشی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا جس کی وجہ سے معاشی صورتحال مشکل تھی۔ ہمارا انحصار دارمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہیں تو یہاں بھی قیمتیں بڑھتی ہیں۔ہم نے محنت کر کے ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے ایک ارب ڈالر پر لے آئے۔
وزیر اعظم نے کہا کرونا وباء کے باعث پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی اور بین الاقوامی سطح پر بحران آیا۔ ہماری کامیاب پالیسیوں کی بدولت کرونا وباء کا مقابلہ کیا اور اس چیلینج سے نمٹنے میں کامیاب رہے۔بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی پزیرائی کی گئی۔
ان کا کہنا تھا غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے۔مہنگائی کو کنٹرول کرنے اور غریب عوام پر بوجھ کم کرنے کی خاطر حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے۔صحت کارڈ کا پورے صوبہ پنجاب میں آغاز کرنے لگے ہیں جس کی بدولت غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔
وزیر اعظم نے مزید کہا احساس سبسڈی پروگرام وفاق اور صوبائی حکومت مل کر مستحق گھرانوں کو آٹا، دالوں اور گھی پر 30 فیصد سبسڈی فراہم ہوگی۔کامیاب پاکستان پروگرام 20 لاکھ گھرانوں کے لیے سود کے بغیر قرضے فراہم کرے گا۔ گھر تعمیر کر نے، چھوٹا کا رو بار شروع کرنے ، اسکلز ٹریننگ پروگرام اور چھوٹے کسان کے لیے قرضہ دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام پہلے سے ہی ملک بھر میں نوجوانوں کو قرضے فراہم کر رہا ہے۔کبھی کسی حکومت نے غریبوں کے لیے اتنا کام نہں کیا۔ ہمارا مقابلہ مافیاز سے ہےکرپشن پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے وزیراعظم عمران خان نے اٹک میں 200 بستروں پر مشتمل زچہ بچہ ہسپتال کی بنیاد رکھ دی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کو اس موقع پر تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا مذکورہ ہسپتال 2 سال کی مدت 5.3 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہو گا۔