پشاور میں دھماکا، عالم دین مفتی منیر شاکر جاں بحق، تین افراد زخمی

پشاور(قدرت روزنامہ)تھانہ ارمڑ کی حدود میں مسجد کے باہر ہونے والے بارودی مواد کے دھماکے میں چار افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں عالم دین مفتی منیر شاکر بھی شامل تھے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد پولیس، بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو) اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھا کرنے کا عمل شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے مفتی منیر شاکر بائیں پاؤں پر زخم آنے کے باعث متاثر ہوئے جبکہ دیگر زخمیوں میں خوشحال، عابد اور سید نبی شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

مشیر صحت خیبر پختونخوا احتشام علی نے معروف عالم دین مفتی منیر شاکر کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

احتشام علی کا کہنا تھا کہ مفتی منیر شاکر کی شہادت کی خبر سن کر دلی صدمہ پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ مفتی منیر شاکر کو زخمی حالت میں ابتدائی طبی امداد کے لیے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے درجے پر فائز ہوگئے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے علاقے میں تحقیقات میں مصروف ہیں جبکہ دھماکے کی نوعیت اور اسباب جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *