نوجوان دریا میں ڈوب کر ہلاک، آخری رسومات کیلئے جانے والے 3 افراد بھی اسی دریا میں ڈوب گئے

نئی دہلی (قدرت روزنامہ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سیتاپور کے رتان گنج گاؤں میں ہفتے کے روز ایک کشتی الٹنے سے تین افراد دریا میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے۔ یہ افراد 22 سالہ دنیش گپتا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جا رہے تھے، جو ہولی کے موقع پر جمعہ کو اسی دریا میں ڈوب کر ہلاک ہو گیا تھا۔

حکام کے مطابق کشتی دوپہر کے قریب شاردہ دریا میں حادثے کا شکار ہوئی۔ کشتی میں 16 افراد سوار تھے، تمام مسافروں کو نکال کر تمبور کے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں تین افراد کو مردہ قرار دیا گیا۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ بسوا منیش کمار نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ایک دو سالہ بچے کو بچا کر گھر بھیج دیا گیا، جبکہ دیگر 12 افراد کا علاج جاری ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 32 سالہ سنجے، 30 سالہ خوشبو اور 13 سالہ کم کم کے طور پر ہوئی ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دنیش گپتا کی آخری رسومات کے لیے گاؤں والے دو کشتیوں میں دریا پار کر رہے تھے۔ ایک کشتی میں دنیش کی لاش اور کچھ رشتہ دار سوار تھے جو کنارے تک پہنچ گئے لیکن دوسری کشتی جو 16 افراد کو لے جا رہی تھی، دریا کے درمیان میں الٹ گئی۔ پولیس نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *