بارشیں نہ ہونے کے اثرات، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)رواں سیزن میں بارشیں کم ہونے کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے، اور اب منگلا ڈیم میں بھی پانی کی سطح ڈیڈ لیول تک پہنچ گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واپڈا حکام نے بتایا ہے کہ منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1050 فٹ پر پہنچ گئی ہے، جس کے بعد پانی کا اخراج بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم میں بھی پانی کی قلت ہے، اور پانی ڈیڈ لیول سے صرف 3 فٹ اونچا رہ گیا، اور آئندہ 36 گھنٹے تک یہ امکان ہے کہ یہ ڈیڈ لیول تک پہنچ جائےگا۔
واپڈا ترجمان نے کہاکہ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 15 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جبکہ منگلا میں پانی کا ذخیرہ 72 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔
ترجمان کے مطابق تربیلا کےمقام پردریائے سندھ میں پانی کی آمد 22 ہزار 200، اخراج 20 ہزارکیوسک، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 19 ہزار 900 اور اخراج 28 ہزار کیوسک ہے جبکہ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 38 ہزار 400، اخراج 27 ہزار کیوسک ہے۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ ہیڈ مرالہ دریائے چناب میں پانی کی آمد 10 ہزار 800، اخراج 6 ہزار 100 کیوسک اور نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 14 ہزار 300، اخراج 14 ہزار 300 کیوسک ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل یہ وارننگ جاری کی گئی تھی کہ منگلا ڈیم اور تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہورہا ہے۔
رواں سیزن میں ملک میں بارشیں نہ ہونے کے برابر رہیں، تاہم فروری اور مارچ میں شمالی علاقہ جات میں بارش اور برف باری ہوئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *