ہائے مہنگائی: شہباز شریف کے بلاول ، فضل الرحمان سمیت کئی سیاستدانوں سے ٹیلی فونک رابطے

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، مولانا فضل الرحمان اور اختر مینگل سمیت کئی سیاستدانوں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے ۔مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے مطابق شہباشریف نے بلاول بھٹو ، مولانا فضل الرحمان، اخترمینگل،آفتاب شیرپاو اورایمل ولی خان کو بھی ٹیلیفون کیا ہے۔مسلم لیگ ن کے صدر نے انس نورانی اور ڈاکٹرمالک بلوچ سے بھی رابطہ کیا اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی حکمت عملی اور نیب آرڈیننس پر مشاورت کی گئی۔
اپوزیشن رہنماوں نے مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بھرپور ردعمل دینے اور مشترکہ حکمت عملی اپنانے پر بھی اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام مہنگائی اور اس حکومت کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں،یہ حکومت رہی تو عوام اور معیشت زندہ نہیں رہے گی۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریلیف کا لالی پاپ دے کر عمران خان نے عوام کو تکلیف میں مبتلا کردیا ہے۔سلیکٹڈ حکومت کا ہر گزرتا دن عوام کے مسائل میں اضافہ کررہا ہے، پی ٹی آئی حکومت کے خلاف عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔
دوسری طرف مہنگائی کے خلاف بکھری اپوزیشن بھی ایک ہونے کو تیار ہے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بیک ڈور رابطے کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں رابطہ ہوا، مہنگائی کے خلاف مظاہروں میں پیپلزپارٹی اور اے این بی بھی شرکت کے لیے تیارہے۔پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ جلد پی ڈی ایم کے رہنماوں سے ملاقاتیں کریں گے ، پیپلزپارٹی اور اے این پی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر بھی بات چیت ہو گی۔